ساہیوال (بےورو رپورٹ) ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے نئے کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی منظوری دیدی۔بورڈ اجلاس کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، اے ڈی سی ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، پرنسپل بریگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، وائس پرنسپل اکبر علی، بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، حبیب جیلانی وینس اور سید افتخار علی شاہ اور برسر کاشف ستار نے بھی شرکت کی۔ حبیب جیلانی وینس نے منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 23کروڑ روپے کے تخمینہ کیلئے 5 کمپنیوں نے ٹینڈر جمع کروائے جس میں سے 15.54فیصد کم بولی دینے پر میسرز چوہدری بلڈز کو یہ کام19کروڑ47لاکھ69ہزار روپے پر ایوارڈ کرنے کی تجویز ہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے نئے کیمپس کا کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کیمپس کی تعمیر مقررہ ایک سال کے اندر ہر صورت مکمل کی جائے۔ انہوں نے کام کی کوالٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں تمام نئے ٹیچرز کی بھرتی 3سالہ کنٹریکٹ پر ہوگی جسے اچھی کارکردگی پر مزید بڑھایا جاسکے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی پی ایس ساہیوال میں نئے بھرتی ہونے والے سینئر ٹیچرکو 55 ہزار روپے اور جونیئر ٹیچر کو 45 ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے جبکہ فیصل آباد ڈی پی ایس دونوں کیٹیگری میں 38ہزار روپے اور اوکاڑہ ڈی پی ایس میں 30ہزار روپے ادا کرتے ہیں۔ کمشنر نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کیلئے نئے سروس رولز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف اداروں کی جانب سے سکول میں بچوں کے ٹیسٹ لینے سے بھی منع کر دیا۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کی انفورسمنٹ برانچ شہر کے معروف کاروباری مراکز میں تجاوزات کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور دیپال پور بازار میں پکی تجاوزات پر 6 دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروا کر دو کو گرفتار کرایا گیا۔ یہ بات انفورسمنٹ انسپکٹر خالد ضیاءنے کمشنر آفس میں ہونے والے مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیش ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد کی زیر نگرانی روزانہ کی بنیاد پر اینٹی انکرچمنٹ کاروائیاں جاری ہیں تاکہ خریداری کے لئے آنے والوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں پر عملے کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ انہیں مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت غلہ منڈی میں جاری بحالی کے کام کو تیز کرنے اور اسے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
ڈی پی ایس ساہیوال، نئے کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی منظوری

















