2 روزہ ایشیا برلن سمٹ میں پاکستانی نوجوانوں کی شرکت

فرینکفرٹ :(منور علی شاہد) برلن میں دو روزہ ایشیا برلن سمٹ 2024 ءسمٹ 25 اور 26 نومبر کو منعقد ہوئی۔ اس سمٹ کا اہتمام روٹس راتھاﺅس برلن کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں گرین ٹیک انرجی، اے آئی کوانٹم، موبلٹی ٹرانسپورٹ، ہیلتھ، بائیو ٹیک اور فن ٹیک، انشورنش ٹیک سے منسلک موضوعات پر چین، جاپان، بھارت، جنوبی کوریا، سری لنکا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش اور فلپائن ممالک نے شرکت کی۔

پاکستانی سفارتخانہ برلن کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سمٹ میں پاکستان کے سفارتخانہ نے اوورسیز پاکستانی نوجوانوں کو بھی شرکت کا موقع فراہم کیا جس کے نتیجہ میں پاکستانی تارکین وطن نوجوانوں کو اپنے منصوبوں کی نمائش کرنے اور شریک دیگر شراکت داروں کے ساتھ براہ راست رابطے استوار کرنے کے مواقع ملے۔

سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے دونوں دن سمٹ میں شرکت کی اور اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ کسی بھی فورم پر تارکین وطن اور ہنرمند پاکستانی نوجوان کی حوصلہ افزائی کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستانی نوجوان تارکین وطن کو یہ موقع پہلی بار سفارتخانہ کی کوششوں سے فراہم کیا گیا ہے۔ سفیر پاکستان کے مطابق اگلے سال پاکستان کی جانب سے نوجوان ہنر مندوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ بھی عملی طور پر شراکت داروں سے روابط استوار کرسکیں۔ برلن سینیٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس سمٹ نے ایشیا اور برلن میں سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے اندر کمیونٹیز کو ایک اجتماعی پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔اس منعقدہ سمٹ سے چار نوجوانوں نے استعفادہ کیا اور اپنے منصوبوں سے متعلق دیگر شرکاءکے ساتھ مفید گفتگو کی۔