لاہور :(اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ریاست کو کمزور مت سمجھیں ،جتھوں ،بلوائیوں کا علاج کرنا آتا ہے، ریاست کے خلاف الجہاد الجہاد کے نعرے لگاکرپی ٹی آئی نے خود کو ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ثابت کر دیا‘ٹی ٹی پی کے سیاسی ونگ نے جہادی سکواڈبھی قائم کردیا،سکواڈ اسلحہ،شیلنگ،غلیلیں،کانچ اور ربڑ کی گولیوں سے لیس ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا9مئی کا ماسٹر مائنڈ فیڈریشن کےخلاف ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو مسلسل مہرے کی طرح استعمال کررہا ہے،فتنہ پارٹی کے 90فیصد لوگ احتجاج کے مخالف ہیں، بشریٰ کے آمرانہ اور تحقیر آمیز روئیے سے اپنے اراکین اسمبلی میں پھوٹ پڑ چکی۔
وزیراطلاعات نے کہاپنجاب کے اراکین اسمبلی کافی سمجھدار ہیں ،بشری کی لیڈرشپ کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ،اڈیالہ جیل کا قیدی کے پی کے نوجوان کو فیڈریشن کےخلاف مسلسل اکسا رہا ہے جن بچوں کے ہاتھ میں لیب ٹاپ ہونے چاہئیں ان کو غلیلیں اور مسلح کیا جارہا ہے۔
دریں اثنا اپنے بیان میںعظمیٰ بخاری نے کہا سموگ بارڈر کے دونوں طرف مسئلہ ہے ، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مذاکرات کی بات کو مذاق میں اڑا دیا،بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی نے خود کو ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ثابت کر دیا:عظمیٰ بخاری

















