تحریک انتشار نے آئینی ترامیم پر اراکین پارلیمنٹ کو دھمکانا شروع کر دیا،عطا تارڑ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے تحریک انتشار نے آئینی ترامیم پر اراکین پارلیمنٹ کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں،پی ٹی آئی کے اندر اتحاد و اتفاق نہیں، آپس میں لڑے ہوئے لوگ ہیں، کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو یاد رکھیں لوگوں کو دھمکانے والے عناصر کےخلاف ریاست سخت کارروائی کرے گی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاملک کےساتھ غداری کرنے والوں کی مثالیں سب کے سامنے ہیں،پاکستان ہے تو سب ہیں، کوئی سیاسی جماعت ملک سے بڑی نہیں، امن و سکون سے معاملات آگے بڑھیں گے، ایس سی او کانفرنس کی کامیابی پاکستان کی جیت ہے، وزارت خارجہ، اطلاعات سمیت تمام اداروں ،عوام نے ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے اہم کردار ادا اور بھرپور ساتھ دیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا آکسفورڈ کے چانسلر انتخابات پر اہم خبر آئی ، مہذب معاشروں کے اندر قانون و آئین کی بالادستی ہوتی ہے، سزا یافتہ و مقدمات میں ملوث افراد کواعلیٰ عہدوں پر الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہوتی، آکسفورڈ نے بھی فیصلہ کیا چانسلر کے امیدواروں کی فہرست میں ایسے شخص کا نام شامل نہیں کیا جو میگا کرپشن کیسز میں ملوث ہے۔

عطا تارڑ نے کہاپی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ کو پیغام دیا جا رہا ہے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے جو غداری کرے گا، عبرت کا نشانہ بنایا جائے گا،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو یاد رکھیں نشان عبرت آپ نہیں سٹیٹ آپ کو بنائے گی،کسی نے کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو سخت کارروائی ہوگی،دھمکیاں دینا اور دھمکی آمیز سوچ بانی چیئرمین پی ٹی آئی،پارٹی کا وطیرہ ہے۔