من پسند نمبر پلیٹ سکیم متعارف، اجراءنیلامی کے ذریعے ہوگا: ڈی جی ایکسائز

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب گاڑیوں کیلئے من پسند نمبر پلیٹ سکیم کا اجراءکرنے جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز فیصل فرید نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد سکیم کا باقاعدہ اجراءکر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ من پسند نمبروں کااجراءکمپیوٹرائزڈ نیلامی کے ذریعے ہو گا۔ فیصل فرید کا کہنا تھا کہ من پسند نمبروں کی تین کیٹگریز رکھی گئی ہیں۔ کارپوریٹ کیٹگری کے تحت نمبر پلیٹ پر کمپنی کا نام لکھوایا جاسکے گا۔ پلاٹینم کیٹگری کے تحت اپنا یا کسی بھی پیارے کا نام لکھوایا جا سکے گا جبکہ گولڈ کیٹگری کے تحت تین من پسند حروف اور تین ہند سے لکھوائے جا سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نمبر پلیٹ کیلئے مذہبی سیاسی یا سماجی منافرت پر مبنی لفظ یا ہندسہ الاٹ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن 1035 حاصل کی جا سکتی ہیں۔