عالمی دباو مسترد، اسرائیل کا بیروت پر پھر فضائی حملہ، 6 شہری شہید

بیروت (مشرق نیوز) اسرائیل نے عالمی دباو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر لبنان کے دارالحکومت بیروت پر فضائی حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 6 شہری جاں بحق جبکہ 46 زخمی ہوگئے۔ اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ، صیہونی فوج نے بیروت کے مرکزی علاقے میں پارلیمنٹ سے محض کچھ میٹر فاصلے پر ایک عمارت پر فضائی حملہ کیا اور شہر ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا ، فضائی حملے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ، گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ، رات گئے بیروت کے جنوبی علاقے دحیہ میں تین زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں حزب اللہ سے منسلک ایک طبی مرکز قائم تھا، اسرائیل کا بیروت کے مرکز میں یہ پہلا حملہ ہے، اسرائیل نے بدھ کی شب 5 دیگر فضائی حملے بھی کئے جن میں ضاحہ میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں میں 46 لبنانی شہید اور 85 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ سے لڑائی میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں کے دوران حزب اللہ سے جھڑپوں میں 8 فوجی ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ صیہونی فوجیوں کی اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھا کر بھاگنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔