گولیاں اور تشدد مقصد سے نہیں ہٹا سکتا، جہاں حکم ملا جلسہ کریں گے: گنڈا پور
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے گولیاں، آنسو گیس اور تشدد ہمیں مقصد سے نہیں ہٹا سکتا، جہاں حکم ملا جلسہ کریں گے،پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا پنجاب حکومت کا شور بتاتا ہے انہیں ہمارے آنے سے تکلیف ہوئی ہے ، انہیں بہت ٹف ٹائم دینے والا ہوں، فارم 47 والوں سے جان نہ چھوٹی تو انہیں چھوڑوں گا نہیں، ہم عاجز لوگ ہیں ،حق کے ساتھ کھڑے ہیں،دلوں میں چوری رکھنے والے ڈر رہے ہیں، انہیں پتا ہے ان کا وقت قریب آگیا ہے ، ہم ایک ایسا نظام لانے والے ہیں جس میں پبلک سیفٹی پروٹیکشن لازمی ہوگی، قانون میں رہ کر ہی کوئی کارروائی کرسکتا ہے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، جلسے کیلئے این او سی دے کر بھی جو حال کرتے ہیں وہ آپ نے دیکھا ہے، یہ فارم 47 پر آئی ہوئی حکومتیں ہیں، یہ پاکستان کی جمہوریت کا نقصان نہیں کررہے بلکہ انہوں نے ملک سے جمہوریت کو ختم ہی کردیا ہے، ہم پرامن احتجاج کریں گے، جہاں جہاں حکم ملا ہے وہاں جائیں گے، کردار ادا کریں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا یہ گولیاں ،آنسو گیس اور تشدد ہمیں اپنے مقصد سے ہٹا نہیں سکتا، پاکستان میں جمہوریت ہمارا نظریہ ہے، بانی پی ٹی آئی بے گناہ جیل میں ہیں ،ان پر کوئی کیس نہیں، ہماری پارٹی کی خواتین جیل میں ہیں، ہم اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،میں صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں ڈنکے کی چوٹ پر سرکاری مشینری استعمال کروں گا کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا،دریں اثناءلاپتہ افراد کیس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور طلبی پر پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے اور شہریوں کو جیل سے رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کرنے کےخلاف قانون سازی کرنے کی یقین دہانی کرائی،ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار نے کہا کہ میرے بیٹے کو پولیس نے اٹھایا ہے، اسے عدالت سے ضمانت ملی، لیکن پشاور جیل سے باہر نکلتے ہی سی ٹی ڈی نے اٹھالیا،چیف جسٹس ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم نے کہا جب ایک کیس میں ضمانت ہوجائے تو پھر کیسے کسی کو جیل کے باہر سے گرفتار کرتے ہیں، یہ اس عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، وزیراعلی کو بلا لیں، اسد قیصر کیس میں عدالت قرار دے چکی ہے، ایک کیس میں ضمانت ہونے کے بعد دوسرے درج مقدمے میں گرفتار نہیں کرسکتے، ایسے اور بھی کیسز ہیں جن میں ضمانت ہونے کے بعد لوگوں کو دوبارہ گرفتار کیا جاتا ہے،وقفے کے بعد سماعت ہوئی تو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہو گئے، علی امین گنڈا پور نے عدالت میں بیان دیا میں خود اس کےخلاف ہوں، ہم خود اس سے متاثر ہیں، اسی لیے پولیس ایکٹ میں تبدیلی لا رہے ہیں، ہم قانون سازی کےلئے کمیٹی بنا رہے ہیں، عدالت کوئی فوکل پرسنز مقرر کردے،چیف جسٹس نے ان سے کہا جو بھی کرنا ہے قانون کے مطابق کریں اور ساتھ ہی عدالت نے اس حوالے سے حکومت کو 21 اکتوبر تک کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
















