چین، روس، ایران نے بھی افغانستان سے دہشت گردی کی تصدیق کردی

نیویارک: (خواجہ فاروق) پاکستان کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی، چین، روس، ایران نے بھی افغانستان سے دہشت گردی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کالعدم ٹی ٹی پی، مجید بریگیڈ اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سمیت متعدد دہشت گرد گروپ افغانستان سے پڑوسی ممالک کےلئے خطرے کا باعث ہیں۔

جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر پاکستان، چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ کا 4 فریقی اجلاس ہوا، مشترکہ بیان کے مطابق اجلاس میں افغان طالبان کے دعووں کو مسترد کردیا گیا وہ ٹی ٹی پی سمیت کسی دہشت گرد گروپ کو پناہ نہیں دے رہے۔

چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں دہشت گردی سے متعلق سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا دہشت گرد گروپس کالعدم داعش، القاعدہ، مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم)، ٹی ٹی پی، جیش العدل، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ افغانستان میں چھپے اور علاقائی و عالمی سلامتی کےلئے بدستور سنگین خطرہ ہیں۔

چاروں ممالک نے دہشت گرد گروپوں کی جانب سے پڑوسی اور دوسرے کسی ملک پر کی گئی دہشت گرد کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کثیرالجہتی سطحوں پر انسداد دہشت گردی پر تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا طالبان حکومت اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کےلئے استعمال نہ ہونے دینے کے اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کرے، دہشت گردی کی علامات، بنیادی وجوہات حل اور دہشت گردی کو جلد ختم کرنے کےلئے جامع اقدامات کرنے میں افغانستان کی مدد کرنی چاہئے، چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر علاقائی ممالک بالخصوص پاکستان اور ایران کی تعریف کی۔