توشہ خانہ ٹو کیس،عمران،بشریٰ پرفرد جرم عائد کیلئے2اکتوبر کی تاریخ مقرر

راولپنڈی :اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران ،بشریٰ پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 2اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران ،بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت ہوئی، سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی، ملزمان کی جانب سے سلمان صفدر ایڈووکیٹ جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ایڈووکیٹ لیگل ٹیم کےساتھ عدالت پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کے وکیل کے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہو گئے، ایف آئی اے کے وکلا ہفتہ کے روز سے ضمانت کی درخواستوں پراپنے دلائل کا آغاز کریں گے،بعدازاں عدالت نے عمران ،بشریٰ کےخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں فردجرم عائد کرنے کےلئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کر دی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کو عمران خان اور بشریٰ کیخلاف 190 ملین ریفرنس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی،عدالت عالیہ نے احتساب عدالت کو ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

علاوہ ازیں سابق خاتون اول بشریٰ کی جانب سے خفیہ مقدمات میں گرفتاری کےخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے سابق خاتون اول کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا پولیس سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کر رہی ہے، عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے،دوران سماعت پنجاب پولیس نے رپورٹ عدالت میں پیش کی جبکہ سرکاری وکیل نے بتایا بشریٰ کیخلاف 12 مقدمات درج ہیں، 11 مقدمات راولپنڈی جبکہ ایک مقدمہ اٹک میں درج ہے، عدالت نے سرکاری وکیل کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔