ساہیوال(چوہدری اشرف سے)ساہیوال کے باسیوں کیلئے ایک اور خوشخبری، ساہیوال ویسٹ اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کا قیام عمل میں آگیا، کمپنی ساہیوال شہر میں کوڑا کولیکشن، سینی ٹیشن اور پانی کی فراہمی کی خدمات سرانجام دے گی، کمپنی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن ستھرا پنجاب کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کریگی۔ کمپنی کے بورڈ آف گورنرز کا کمشنر آفس میں پہلا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں اجلاس میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر /ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمپنی کے معاملات چلانے کیلئے ذیلی کمیٹیاں قائم کی گئیں اور کمپنی کے رولز، بجٹ اور ٹیرف کی تیاری ان کمیٹیوں کے سپرد کر دی گئیں۔ اس موقع پر کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ کمیٹیاں ٹائم لائن کے مطابق سفارشات پیش کریں تاکہ کمپنی کو جلد فعال کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کے قیام سے ساہیوال کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔اس موقع پر سی ای او اکرام ملک نے بتایا کہ کمپنی ساہیوال ڈویژن کے تمام میونسپل اداروں سے ویسٹ کولیکشن کے معاہدے کریگی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں نصب بجلی اور ٹیلی فون کے تمام پولز سے لٹکی ہوئی غیر ضروری تاروں، بینرز اور رسیوں کو فوری اتارنے کی ہدایت کردی،شہر میں خوبصورتی کیلئے ضروری ہے کہ کارپوریشن کا عملہ ساتھ ساتھ صفائی کا عمل بھی جاری رکھے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن خالد محمود گیلانی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کالج روڈ پر جاری سیوریج لائن ڈالنے کے کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہوسکیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے بھٹہ چوک میں خراب سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ پسپ وہاں نیا پائپ ڈال سکے۔ اجلاس میں سٹی منیجر علی خان نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی مشینری کیلئے شیڈز کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے اور 35شیڈز تعمیر ہوچکے ہیں جن کی فنشنگ جاری ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے چینی کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے وسائل میں اضافہ کرے تاکہ شہر میں سیوریج پائپ ڈالنے اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل ہو۔
ساہیوال ویسٹ اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی قائم، عوام کو صاف ستھرا ماحول، پینے کا شفاف پانی میسر آئے گا: کمشنر
















