بنگلہ دیش نے بھارت سے حسینہ واجد کی حوالگی کی درخواست کا فیصلہ کرلیا

ڈھاکہ (مشرق نیوز) بنگلہ دیش نے بھارت سے حسینہ واجد کی حوالگی کیلئے قانونی عمل کا آغاز کردیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹربیونل (آئی سی ٹی)نے کہا ہے کہ سابق بنگلہ دیش وزیر اعظم شیخ حسینہ کو بھارت سے بنگلہ دیش واپس لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔گزشتہ روز ٹربیونل کے چیف پراسیکیوٹر نے کہا کہ شیخ حسینہ کو واپس لانے اور ان پر عوامی احتجاج کے دوران حکومتی پرتشدد کارروائیوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے مقدمات چلانے کیلئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ٹربیونل کے چیف پراسیکیوٹر تاج الاسلام نے کہا کہ شیخ حسینہ عوامی احتجاج کے دوران ہونے والے قتل عام کے الزام میں مطلوب ہیں۔انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چونکہ مرکزی مجرم ملک سے فرار ہو چکا ہے اسلئے ہم اسے واپس لانے کیلئے قانونی کارروائی شروع کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان 2013 میں شیخ حسینہ کی حکومت میں ہی تحویل مجرمان کا معاہدہ ہوا تھا۔چیف پراسیکیوٹر نے کہا کہ چونکہ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش میں قتل عام کے مرکزی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے اس وجہ سے انہیں قانونی طور پر واپس لا کر مقدمات کا سامنا کرانے کی کوشش کی جائیگی۔