عمران کا نائب کپتان ،چھوڑ کر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا: قریشی

لاہور: (کورٹ رپورٹر)سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے عمران خان کا نائب کپتان ہوں، چھوڑ کر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا،خصوصی عدالت میں سانحہ 9 مئی مقدمات پر سماعت ہوئی ،شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا،پی ٹی آئی رہنما روسٹرم پر آئے اور کہا جب مقدمات درج ہوئے تب میں پنجاب میں نہیں تھا، مجھے ایک سال 2 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، جب میں رہا ہوا تو 9 مئی مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔

قریشی نے کہا بانی پی ٹی آئی کا میں نائب کپتان ہوں، میں بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ لوگ ڈرتے ہیں اگر میں باہر آ گیا تو لوگ اکٹھے ہوں گے، 40 سال سے سیاست میں ہوں کبھی کوئی مقدمہ نہ ہوا، اب اچانک 55 مقدمات درج ہوگئے، یہ لوگ دلائل کیوں نہیں دے رہے، یہ جان بوجھ کر التوا چاہتے ہیں اگر ہم گناہ گار ہیں تو سزا دیں۔

بعدازاں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن جلسہ گاہ میں پہنچیں، 8 فروری کو قوم نے تمام مشکلات کے باوجود صحیح فیصلے لیے تھے،اس موقع پر صحافی نے سوال کیا جوڈیشل پیکیج اور ججز کی تعداد بڑھانے سے متعلق بل آرہا ہے اس بارے کیا کہیں گے؟ سابق وزیر خارجہ نے جواب دیا ان بلوں کے ذریعے پارلیمنٹ کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، کم از کم بل کے پہلوو¿ں کو تو عوام کے سامنے لایا جاتا، ہماری درخواست ہے عدلیہ کو کمزور نہ کریں۔