ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے 6 ستمبرپاکستانی پرچم اور قوم کی سربلندی کا دن ہے، شہداءاور غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، یوم دفاع پاکستان ہمیں ان عظیم جانبازوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے مگر وطن کے دفاع پر آنچ نہیں آنے دی،6 ستمبر 1965 کے معرکے میں بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں پوری پاکستانی قوم نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا،بھارت کے ناپاک عزائم اور پاکستان پر قبضے کی سازش کو عبرت ناک شکست ہوئی۔یہ بات انہوں نے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر صائمہ علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ یاسر فرید، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اوورنگزیب، سی ای او ایجوکیشن چودھری اکرام، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیاس اکبر سگھلہ سمیت سکول و کالجز کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا ہمیں اپنے اندرونی اختلافات کو بھلا کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا،پاکستان کے دفاع کو محفوظ بنانے کی جنگ لڑنے والے پاک فوج کے جانبازوں کے ساتھ قوم ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کےلئے ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے، زندہ قومیں اپنے ملک سے جنون کی حد تک محبت کرتی ہیں۔
اندرونی اختلافات کو بھلا کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا:کمشنر ساہیوال
















