ٹام سوازی امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے سربراہ بن گئے


واشنگٹن:(خواجہ فاروق)ٹام سوازی امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے سربراہ بن گئے او رنومبرمیں پاکستان کے دورے کااعلان کردیا،بعد ازاں ٹام سوازی اور واشنگٹن میں پاکستانی سفیر رضوان سعید کی ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ،دونوں نے پاک امریکہ تعلقات مستحکم کرنے اورتعاون کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

رکن کانگریس ٹام سوازی نے سفیر پاکستان کو امریکہ میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی،رضوان سعید نے کہاپاک امریکہ تعلقات دونوں ممالک اور خطے کےلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی مثبت پیش رفت انتہائی حوصلہ افزا ہے،خیر سگالی و دوستی کے جذبے کو ہمہ جہتی تعلقات خصوصا معاشی تعلقات کے فروغ کےلئے بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کےلئے پرعزم ہیں۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے یوم آزادی کے موقع پر نیک جذبات کا اظہار کرنے پر کانگریس رکن ٹام سوازی کا شکریہ ادا کیا،ٹام سوازی نے پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی اور امریکہ کےلئے خدمات پر پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔