ملکی ترقی کیلئے تعلیم ضروری، پوزیشن ہولڈر طلبہ قوم کا مستقبل ہیں : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور انہی سے ہماری امیدیں وابستہ ہیں۔ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ تعلیم انسان کے کردار کو سنوارتی ہے اور زندگی میں آگے بڑھنے اور کامیابی حاصل کرنے کیلئے بے حد ضروری ہے، بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ کرام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی محنت کی بدولت آج وہ اس مقام پر پہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی ایس سکول میں انٹرمیڈیٹ امتحانات 2024کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام، سیکرٹری بورڈ شیرباز، کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت، پرنسپل ڈی پی ایس بریگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے والدین اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ اپنے اچھے مستقبل کیلئے تعلیم پرتوجہ مرکوز کریں۔تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بے حد ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے کا مفید شہری بن سکے- انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ اور والدین مبارک باد کے مستحق ہیں جن کی کوششوں سے یہ آج اس مقام پر ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ یہی نوجوان مستقبل میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر کمشنر شعیب اقبال سید نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں میڈلز اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔