اسد قیصر صاحب!آپ سے بات کرناتو دور چہرہ تک دیکھنے کا کوئی شوق نہیں،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے اسد قیصر صاحب!آپ سے بات کرناتو دور چہرہ تک دیکھنے کا کوئی شوق نہیں،نواز شریف پاکستان واپس آئے وفاق ،پنجاب میں حکومت بھی بنائی، قائد ن لیگ کے بھائی نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، نواز شریف کی بیٹی پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت میں مصروف عمل ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہانالائق ،بدبخت لیڈرکے کھودے گڑھوں کو شہباز شریف پُر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،نواز شریف قوم کی جان ،آن بان اور شان ہیں،قائد ن لیگ کے بغض میں آپ لوگ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ، نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں،آپ کے لیڈر کی طرح ملک پر ایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے لیڈر نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاحلقے کھولنے کے طعنے دینے والے دوبارہ گنتی کے نام سے ایسے بھاگتے ہیں جیسے بندر غلیل سے بھاگتا ہے، جیل میں آپ کاچور،بددیانت اور کرپٹ لیڈر ہے لہٰذامذاکرات اور پاﺅں پکڑنے کی ضرورت آپ کو ہے، آپ سے بات کرنے یا آپ کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں۔