راولپنڈی،لاہور :(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہاہے عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں، جیل میں سکیورٹی و صحت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو انگریزی اخبار روزانہ دیا جاتا ،پڑھنے کیلئے کتابیں ،ٹیلی ویژن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہاعمران خان کی ورزش کیلئے مشین اور واک کیلئے جگہ دستیاب ہے،عمران،بشریٰ کو کھانے کیلئے علیحدہ کچن دیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی کیلئے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے، گٹر کھلا ہونے ،بشریٰ کے سیل میں چوہوں کی موجودگی کی خبروں میں صداقت نہیں ،بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں 2 مرتبہ فیملی، وکلا اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہے، جیل میں سماعت کے موقع پر بھی ملاقاتیں کرتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر رات گئے اڈیالہ جیل پہنچے،بانی پی ٹی آئی کی بیرک پر مامور جیل عملے سے بات چیت کی،جیل حکام سے قیدیوں، زیر سماعت مقدمات، جیل میں انٹرنیٹ، وائی فائی، موبائل فون سروس و دیگر آلات پربریفنگ لی۔
عمران خان کوتمام سہولیات دستیاب ہیں،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل
















