غیرقانونی تعمیرات کیخلاف نہتے آپریشن،بلدیہ عظمیٰ افسران کی ناقص حکمت عملی ماتحت عملہ کیلئے خطرہ جان

لاہور (نوید چودھری) بلدیہ عظمیٰ لاہور کے نااہل افسروں کی ناقص حکمت عملی ماتحت عملے کے جانی نقصان کا باعث بن سکتی ہے، غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کیلئے ماتحت عملے کو مافیا کے شدید ردعمل کے سامنے ”نہتے“ کھڑا کرنا بڑے نقصان کو دعوت دینے سے کسی صورت کم نہیں، ہیوی مشینری اور پولیس کے علاوہ دفاعی سازوسامان کے بغیر غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کے احکامات افسران پر بھاری ثابت ہو سکتے ہیں جس پر حقائق سے بے خبر افسران کو ذرا دھیان دینے کی اشد ضرورت ہے۔ چند روز قبل نئے ڈی سی لاہور کے حکم پر داتا گنج بخش زون کے عملے کو راوی روڈ پر غیر قانونی تعمیر کئے گئے پلازے کو گرانے کیلئے بھیجا گیا، چند پولیس جوانوں کی دستیابی کے ساتھ ہی عملہ ڈی سی کے احکامات کا سن کر دوڑ پڑا، آپریشن شروع ہوتے ہی پلازہ انتظامیہ نے مسلح افراد کے ہمراہ سرکای عملہ کو شدید رد عمل دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ عملے کو یرغمال بھی بنایا گیا اوربعد ازاں معافی تلافی کے بعد جان چھوٹی جس کے بعد آپریشن دھرے کا دھرا چھوڑ کر خاتون زونل افسر کی سربراہی میں سارے عملے کو واپس لوٹنا پڑا۔ اس کارروائی کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ماضی میں ہونے والے واقعات کی طرح مذکورہ تعمیر پر بھی ڈی سی لاہور کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا پڑ جائیگا کیونکہ علاقے کی بااثر سیاسی شخصیات کا پلازہ مالک کے ساتھ دیرینہ تعلق نکل سکتا ہے۔ یہ معاملہ صرف داتا زون تک ہی محدود نہیں بلکہ پورے لاہور میں جہاں کہیں بھی غیر قانونی تعمیرات ہو رہی یا ہو چکی ہیں انکی سرپرستی یا توسیاست دان کر رہے ہیں یا علاقے کے اٹھائی گیرے۔ صوبائی دارلحکومت میں ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی تعمیرات جیتا جاگتا ثبوت ہیں جہاں رسوخ کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور پھر ایم سی ایل کو حقیقی آمدن سے بھی محروم ہونا پڑا۔ ایم سی ایل کے شعبہ پلاننگ کو ہر سال ہو نے والے مالی خسارے کی دیگر وجوہات کے ساتھ ساتھ ایک بڑی اہم وجہ یہ بھی ہے جسے کسی صورت درگزر نہیں کیا جاسکتا۔