ساہیوال (چوہدری اشرف سے) آر پی اوساہیوال نے ریجن بھر میں 77ویں جشن آزادی کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔تفریحی پارکوں میں ”عادی“ ہلڑ بازوں کو روکنے کےلئے سخت قانونی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محبوب رشید نے ریجن کے تینوں اضلاع ساہیوال،اوکاڑہ اور پاکپتن کے پولیس افسران کو پروفیشنل احکامات دیتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کو بھر پور انداز میں منانا قومی وحدت کے اظہار کابہترین طریقہ ہے، زندہ قومیں اپنا جشن آزادی ملی و ایمانی جذبات کے ساتھ مناتے ہیں۔پاکستان کی عوام مادر وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں،14اگست کوجشن آزادی کو جوش و خروش سے منایاجا رہا ہے۔ اس موقع پر پولیس نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنا ہے۔آر پی او نے کہا کہ پولیس افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور سائیلنسر کے بغیر موٹر سائیکل پر عائد پابندی پر سختی سے عمل کروایا جائے،پولیس کی طرف سے سڑکوں، بازاروں میں اس طرح کے انتظامات ہوں کہ کسی کو ون ویلنگ کرنے اور سائیلنسر کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کی ہمت نہ ہو۔آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ خواتین بھی جشن آزادی کو یکساں طور پر مناتی ہیں،جس کے دوران خواتین کا تفریحی مقامات پر جانا بھی معمول ہوتا ہے،پولیس تفریحی مقامات پر ایسے انتظامات کرے کہ کسی شخص کو بھی کسی قسم کی قانون شکنی اور ہلڑ بازی کی ہمت نہ ہو۔آر پی او محبوب رشید نے حکم دیا کہ ”عادی“ ہلڑ بازوں کی لسٹیں اپ ڈیٹ کی جائیں،ان کے خلاف قانون کے مطابق پیش بندی قانونی اقدامات اٹھائے جائیں۔
جشن آزادی کو بھر پور انداز میں منانا قومی وحدت کے اظہار کابہترین طریقہ ہے: آر پی او ساہیوال
















