14 اگست سے ترکیہ کے شہریوں کیلئے فری آن لائن ویزا سہولت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیرداخلہ محسن نقوی سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملاقات کی ،دونوں ممالک کے تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ اور سکیورٹی ،پولیس ، سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،ایکسچینج پروگرام کے تحت پاکستانی پولیس افسروں کو تربیت کیلئے ترکیہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا 14 اگست سے ترکیہ کے شہریوں کو بغیر کسی فیس کے آن لائن ویزا کی سہولت میسر ہو گی ،اقدام سے ترکیہ کے بہن بھائیوں کو پاکستان آنے میں بہت آسانی ہو گی،ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں ترکیہ کا دورہ کروں گا، دورے میں باہمی اشتراک کار بڑھانے پر نتیجہ خیز اقدامات تجویز کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، ترکیہ کے ساتھ دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تجارتی روابط ہیں جن کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ملاقات میں ترکیہ میں قید پاکستانیوں کی رہائی پربھی گفتگو کی گئی، معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی،ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے کہا برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔