غزہ میں ظلم سے جشن آزادی کی خوشیاں ماند،ملکی ترقی میں اقلیتوں کا اہم کردار ،سب کو حقوق ملیں گے،وزیراعظم

لاہور:(اپنے رپورٹر سے،خبر نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کلیدی کردار ہے،کوئی شک نہیں اقلیتی برادری نے پاکستان کےساتھ لازوال ،انمٹ کمٹمنٹ کا اظہار کیا ،ساری قوم تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے ،آئین میں اقلیتوں کو حقوق کا مکمل تحفظ دیا گیا ، یوم آزادی کی آمد آمد ہے لیکن بدقسمتی سے غزہ میں مسلمانوں پر ظلم سے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئیں ،فلسطین میں دن رات آگ برس رہی اوردنیا خاموش ہے ،عالمی قراردادوں کی رتی برابر بھی وقعت نہیں، ان خیالات کا اظہارانہوںنے ماڈل ٹاﺅن میں اقلیتوں کے دن پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہااقلیتیں ملکی تعمیروترقی میں اہم کردارادا کررہی ہیں،اقلیتی سپاہیوں نے بھی دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دیں، اقلیتوں کوگلے سے لگاناچاہیے،تحفظ کےلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں کوئی کمی نہیں کریں گی،سب کو مساوی آئینی حقوق ملیں گے،اقلیتوں کے حقوق کےلئے ہمیشہ آواز اٹھائی، جنگ ہو یا امن، اقلیتوں نے ہمیشہ ملک و قوم کا ساتھ دیا، ملک کےلئے بے مثال خدمات ہیں،یقین دلاتا ہوں اقلیتوں کے حقوق کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے، اقلیتوں کی حفاظت ،جائز مقام دلوانے کےلئے پوری طرح یکسو ہیں اور یہی وہ وجہ ہے پاکستان ترقی کرنے کےساتھ خوشحالی سے ہمکنار ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاغزہ میں ظلم سے پاکستان کے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئیں،دن رات فلسطینیوں پرآگ برس رہی ،دنیا خاموشی سے نسل کشی کاتماشہ دیکھ رہی ہے،اسرائیلی وزیراعظم اپنی فوج کےساتھ ملکر ظلم کررہاہے، دہائیوں پہلے پاس کرائی گئی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہیں، اسرائیلی جارحیت پرصرف لفاظی سے کام لیاجاتاہے، لفاظی سے بڑھ کرکچھ نہیں ہورہا، عصر حاضر میں دنیا کی تاریخ میں ایسی بد ترین ظلم و زیادتی کی مثال نہیں ملتی۔

دریں اثنااپنے بیان میںوزیراعظم نے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا لیفٹیننٹ عزیر محمود نے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے 4خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا،مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسروں، جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہدا ،اہلخانہ پوری قوم کا فخر ہیں،پاک فوج کے افسر و جوان ملکی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے پاک کر رہے ہیں۔

مزید برآں شہباز شریف سے امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح البدیر نے ملاقات کی،وزیراعظم نے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا، وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کا دورہ پاکستان کےلئے باعث اعزاز ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

امام مسجد نبوی نے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود و دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین و سعودی قیادت کےلئے بے انتہا عزت و احترام ہے،پاکستان ،سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دیا،سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط اور دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب پر گامزن ہیں۔