مشرق وسطیٰ میں جنگ کے سائے ،امریکہ اضافی فوجی بھیجنے کی تیاری کرنے لگا

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ نے اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی بحری جہاز مشرق وسطیٰ بھیجنے کے حکم کیساتھ مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق تہران میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا دائرہ وسیع ہونے کے خطرات میں اضافے اور اسرائیل کیخلاف انتقام کی دھمکیوں کی لہر کے درمیان امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کی مدد کیلئے مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ غزہ، لبنان اور یمن میں ایران کے ایجنٹوں کی طرف سے اسرائیل پر حملہ کرنے کی دھمکیوں کے جواب میں واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں اضافی لڑاکا طیارے بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج جنگی تیاریوں کو بڑھانے اور اپنی افواج اور اتحادیوں کو ایران یا اس کی حمایت کرنے والی ملیشیاوں کے کسی بھی خطرے سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہیں۔

امریکی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ وہ امریکی ردعمل کو درست کرنے کیلئے مناسب قسم کے طیارے جلد از جلد بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ تنازع کوبڑھائے بغیر اسرائیل کے دفاع کیلئے مدد کی جا سکے، بھیجے جانے والے طیاروں کی تعداد کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ سیکرٹری دفاع لائیڈ آسٹن سمیت اعلیٰ حکام سے حتمی منظوری کیلئے ابھی کام جاری ہے۔

یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اخبار ”واشنگٹن پوسٹ“ نے جمعرات کو انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے مشرق سطیٰ کے مختلف علاقوں میں 12 بحری جنگی جہاز تعینات کئے ہیں۔ پنٹاگون کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان بحری جہازوں میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ اور اس کے ساتھ آنے والے جنگی جہاز شامل ہے۔ WASP ایمفیبیئس ریڈی گروپ اور تین بحری جہازوں پر مشتمل ایمفیبیئس ٹاسک فورس جس میں 4000 سے زیادہ میرینز اور ملاح موجود ہیں بھی ان بحری جہازوں میں شامل ہے۔

بیان کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کامقصدیقینی بنانا ہے کہ امریکہ مختلف ہنگامی حالات کا جواب دینے کیلئے تیار رہے۔ پنٹاگون کے مطابق اقدامات کا مقصدامریکی فوج کا تحفظ بہتربنانا اوراسرائیل کی حفاظت ہے۔