لاہور (کورٹ رپورٹر) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے جلدو معیاری انصاف کی فراہمی اور وکلا و سائلین کی سہولیات کے اقدامات کرنے کیساتھ ساتھ لاہور ہائیکورٹ افسران و ملازمین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی انقلابی اقدامات کا آغاز کردیا ۔ فاضل چیف جسٹس نے عدالت عالیہ میں افسران و سٹاف اور سائلین کیلئے بنیادی طبی امداد اور ایمرجنسی کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ منی ہسپتال کا افتتاح کردیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس انوارالحق پنوں، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس انوار حسین بھی اس موقع پر چیف جسٹس صاحبہ کے ہمراہ تھے جبکہ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبہر گل خان، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عبدالمدبرایڈیشنل رجسٹرار شیخ ندیم اور ایڈیشنل رجسٹرار پروٹوکول اسلم پنجوتھہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور ہائیکورٹ ڈسپنسری کو جدید خطوط پر استوار اور اپ گریڈ کرتے ہوئے منی ہسپتال بنادیا گیاہے جس میں مزید بیڈز بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ایکسرے روم، ای سی جی اور بنیادی ضروری ٹیسٹوں کیلئے سیمپل کولیکشن کی سہولت کے ساتھ ساتھ متعدد ضروری آلات و میڈیکل مشینری، سٹیریچر اور ویل چیئر بھی فراہم کی گئی ہیں۔ منی ہسپتال میں ڈاکٹر، سٹاف نرس، وارڈ اٹینڈنٹ، ٹیکنیشن، آٹ پیشنٹ ڈور کنسلٹنٹ، وائٹل چیک اپ، او پی ڈی مریضوں کیلئے ادویات اور ضرورت پڑنے پر مریض کو بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ریفر کرنے کی سہولت سمیت مریضوں کے ریکارڈ کا جدید نظام بھی فراہم کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کا کہنا تھا کہ صحتمند اور تندرست سٹاف نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لئے سٹاف کو فراہم کردہ صحت کی سہولیات پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ فاضل چیف جسٹس نے ہمہ وقت ایمرجنسی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور بنیادی میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولیات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے معزز جج صاحبان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ سٹاف و سائلین کیلئے منی ہسپتال کی فراہمی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ ڈسپنسری کو سالہاسال سے اپ گریڈ نہ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں بنیادی طبی سہولیات کا فقدان تھا۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کے حکم پر لاہور ہائیکورٹ میں موجود ڈسپنسری کو اپ گریڈ کرتے ہوئے منی ہسپتال کا درجہ دے دیا گیا ہے اور جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔
صحتمند اور تندرست سٹاف نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے :چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
















