گوجرانوالہ: (چودھری توصیف احمد) ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے ریجن بھر کے سی پی او اور ڈی پی اوز کےساتھ انسداد کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔میٹنگ میں ریجن بھر کی مجموعی کارکردگی، امن و امان کی صورت حال ،جرائم پیشہ عناصر کی گرفتار ی سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔آر پی اونے موثر پٹرولنگ،ناکہ جات کیلئے ہاٹ سپاٹ،مقدمات کوجدید طریقہ تفتیش پر یکسو کرنے،تھانہ جات میں SIPSپروٹوکول کے بنیادی مقاصد میں ہرآنے والے شہری کی درخواست کی ای ٹیگنگ،ٹائم فریم کے اندرمقدمات کا اندراج کے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔
آر پی او نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کےساتھ جنسی زیادتی اور ریپ کے مقدمات میں بروقت پارسل فرانزک لیبارٹری بھجوائے جائیں اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔سی پی او/ ڈی پی اوز کو منشیات کا زہر بیچنے والے عناصر کےخلاف آپریشنز میں تیزی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں انہوں نے مزید کہا کہ سنگین مقدمات کے ملزمان ٹریس کر کے گرفتارکئے جائیں ،ڈکیتی، راہزنی اور دیگر وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرکے ان سے مال مسروقہ کی برآمدگی یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ مقدمات کے اندراج میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ مقدمات کے چالان بروقت مکمل کرواکر عدالتوں میں پیش کرائے جائیں۔
منشیات کا زہر بیچنے والے عناصر کیخلاف آپریشن تیز کیا جائے، آر پی او گوجرانوالہ
















