حوثیوں کا بحیرہ احمر میں جہاز رانی کیلئے خطرہ بڑھتا جا رہا ہے:اقوام متحدہ
صنعا (مشرق نیوز) یمن کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہنس گرنڈ برگ نے سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ بحیرہ احمر اور اس کے آس پاس کی آبی گذرگاہوں میں حالیہ پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ حوثیوں کی جانب سے بین الاقوامی جہاز رانی کو لاحق خطرہ بڑھ رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گرنڈبرگ نے مزید کہا کہ میں بحیرہ احمر اور اس کے آس پاس کی آبی گذرگاہوں میں بین الاقوامی جہاز رانی کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے بارے میں گہری تشویش میں مبتلا ہوں۔ حالیہ پیشرفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے خطرہ دائرہ کار اور درستگی میں بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل پر حوثیوں کے حملے اور 20 جولائی کو یمنی بندرگاہ الحدیدہ اور اس کی تیل اور بجلی کی تنصیبات پر اسرائیل کے حملے تشدد کی ایک نئی اور خطرناک سطح کی نمائندگی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی بحری جہاز ڈوب گئے اور دیگر کو نقصان پہنچا جس کی وجہ سے تجارت میں خلل پڑا اور شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حوثی اب بھی گلیکسی لیڈر کارگو جہاز کے عملے کو حراست میں لیے ہوئے ہیں۔ اس جہاز کو انہوں نے نومبر میں اغوا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک ہے کہ کشیدگی کو روکنے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے، بحران کو حل کرنے کی بات نہیں ہو رہی ہے۔گرنڈ برگ سلامتی کونسل کو یمن میں تجارتی بحری جہازوں پر حوثیوں کے حالیہ حملوں اور یمن پر حوثیوں کی جانب سے ڈرون حملے کے بعد اسرائیل کے پہلے فضائی حملے کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دے رہے تھے۔قابل ذکر ہے کہ امریکی قیادت میں اتحاد کئی مہینوں سے بحری حملوں کے جواب میں یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔واشنگٹن اور لندن کی مداخلت اور گذشتہ جنوری میں کشیدگی میں اضافہ ہونے کے بعد حوثی گروپ نے اعلان کیا کہ اب اس نے تمام امریکی اور برطانوی جہازوں کو اپنے فوجی اہداف میں شامل کرلیا ہے۔
















