پیپلز پارٹی نے بھی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کافیصلہ چیلنج کردیا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ن لیگ کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کافیصلہ چیلنج کردیا،پیپلز پارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے 12 جولائی کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کےخلاف نظر ثانی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیاپی ٹی آئی کو بن مانگے نشستیں دی گئیں، 12جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ۔

دریں اثناءقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے اجلاس میں مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت اور تحریک انصاف آمنے سامنے آگئی۔

لطیف کھوسہ نے کہا حکومت فیصلہ پر عمل نہ کرکے خواتین اور اقلیتوں کےساتھ زیادتی کررہی ہے، 5 ماہ ہو گئے قومی اسمبلی مکمل ہی نہ ہوسکی،وزیر قانون نے لطیف کھوسہ کو جواب دیا اتنی بڑی ناانصافی ہوئی ہے روزانہ ایک نظرثانی درخواست دائر ہو رہی ہے، لطیف کھوسہ نے کہا جمہوری عمل میں رکاوٹ کیوں ڈالی جارہی ہے، کیا نظرثانی درخواست آجانے سے عملدرآمد کا پراسس رک جاتا ہے۔

،وزیر قانون نے کہا آپ کی پٹیشنر کنول شوذب نے سپریم کورٹ کو کہا تھا سنی اتحاد کو نشستیں دی جائیں، عدالتی فیصلے میں ولدیت کا خانہ ہی تبدیل کردیا گیا۔