لاہور (قمر عباس نقوی) محکمہ اوقاف مذہبی امور کی پر اسرار خاموشی، محکمہ فیلڈ افسران کے نام پر تقریباً ایک کروڑ کی خریدی گئی گاڑیوں پر سابق سیکرٹری کا او ایس ڈی ہونے کے باوجود قبضہ، فیلڈ افسران مالی ہدف کے حصول میں خستہ حالت گاڑیوں کے استعمال پر مجبور، سابق سیکرٹری سے گاڑیوں کی حوالگی کی استدعا۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب میں سابق سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر جاوید اختر محمود کے دور میں فیلڈ آفیسرز کو فیلڈ میں کام کرنے اور مالی امور کے اہداف کو حاصل کرنے کی خاطر نئی گاڑیوں کی منظوری دی گئی تھی جو کہ اوقاف بورڈ اجلاس میں فیلڈ آفیسرز کی جانب سے خستہ حالت گاڑیوں کی وجہ سے درپیش مسائل کا ذکر کیا گیا۔ اس پر اوقاف کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری کی گئی تھی جس میں دو وہیکل کو الاٹ کر دی گئیں جبکہ دو لگژری گاڑیاں جس میں ٹیوٹا یارش GBE107ماڈل 2024اور سوزوکی کلٹس GBD379ِٓماڈل 2024شامل ہیں۔ انکی الاٹمنٹ زیڈ اے ڈی جی خان اور ڈی جی آر اے کو دی جانی تھی جبکہ دونوں لگژری گاڑیاں افسر شاہی کی نذر ہو گئی اور دونوں گاڑیاں سابق سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر جاوید اختر محمود کی جانب سے ذاتی استعمال میں رکھ لی گئی تھیں جو کہ یکم جولائی 2024کو اوقاف سے ٹرانسفر کرتے ہوئے او ایس ڈی بنا دیا گیا تھا۔ تین ہفتے گزرنے کے بعد بھی سابق سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر جاوید اختر محمود کی جانب سے محکمہ اوقاف کی دونوں گاڑیوں پر تاحال قبضہ برقرار ہے۔ اس پر اوقاف انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں کے حصول کی خاطر مکمل طور پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس سے محکمہ فیلڈ افسران کو وقف املاک اور سرکاری امور کی انجام دہی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ سابق سیکرٹری اوقاف و چیف ایڈمنسٹریٹر جاوید اختر محمود کا دوران اوقاف تعیناتی اور اس کے بعد تاحال ٹیوٹا یارش اور سوزوکی کلٹس جو کہ تقریبا 87لاکھ کے قریب قیمت کی خریدارکی گئی تھیں۔ فیلڈ افسران تاحال خستہ حال گاڑیوں کے استعمال پر مجبور ہیں اور فیلڈ میں محکمانہ امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ فیلڈ افسران کی جانب سے سیکرٹری اوقاف و چیف ایڈمنسٹریٹر کو تحریری طور پر استدعا کی گئی ہے کہ وہ ان کو سابق سیکرٹری کے دور میں الاٹ ہونے والی گاڑیوں کی حوالگی کو یقینی بنایا جا ئے تاکہ محکمانہ امور کی انجام دہی اور مالی اہداف کو حاصل کرنے میں فیلڈ میں کام آسانی سے کیا جا سکے۔
محکمہ اوقاف کی لگژری گاڑیوں پر سابق سیکرٹری کا قبضہ،فیلڈ افسران کھٹارہ گاڑیاں استعمال کرنے پر مجبور
















