ساہیوال (بےورو رپورٹ) معروف صنعتکار اور ساہیوال چیمبر کے سابق صدر شیخ عظمت سلیم بلا مقابلہ ساہیوال کلب کے جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ انکے ساتھ سید افتخار حسین فنانس سیکرٹری اور سلمان حامد سپورٹس سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ان کے عہدہ سنبھالنے پر ساہیوال کلب میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر /کنوینر الیکشن کمیٹی صائمہ علی تھی۔اس موقع پر اے ڈی سی فنانس یاسر فرید اور سابق سیکرٹری کلب میاں حبیب انجم سمیت کلب کے تمام ارکان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے میاں انجم حبیب کی کارکردگی کو سراہا اور نئے تعینات ہونے والے جنرل سیکرٹری شیخ عظمت سلیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی انتظامیہ نیک نیتی،محنت اور لگن سے کلب کو مزید خوبصورت بنائے گی اور ممبران کیلئے سٹریمنگ پول، جم اور دیگر تفریحی سہولیات کا اضافہ کیا جائیگا۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے کہا ہے کہ عام آدمی کو مہنگائی سے چھٹکارہ دلانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں نکلیں اور اشیاءخردونوش کی قیمتوں کو چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری سمیت ضلع بھر میں تعینات پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مجسٹریٹس پولٹری اور بیکری آئٹمز کے ریٹس کو لازمی چیک کریں۔اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یکم سے21جولائی تک تحصیل ساہیوال میں پرائس مجسٹریٹس نے 23988دوکانوں کو چیک کیا جس دوران ریٹ کی خلاف ورزی کرنے پر15لاکھ91ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، 18ایف آئی آردرج کروا کر246دوکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح تحصیل چیچہ وطنی میں 11287دوکانوں کی چیکنگ کے دوران 7لاکھ17ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، 4ایف آئی آر درج کروائی گئیں اور40دوکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے اپنے دفتر میں چیف منسٹر گورننس اینشیٹو کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرفارمنس انڈیکیٹرز کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے شکایات حل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ جو آفیسر کارکردگی نہیں دکھائے گا اس کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کو فوری حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب مسائل کے خاتمہ،تجاوزات کیخلاف مہم،خراب سٹریٹ لائٹس تبدیلی،پارکوں کی حالت سنوارنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، مراکز صحت، ترقیاتی سکیموں کی مسلسل انسپکشن کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور ضلع میں میرج ایکٹ کی نفاذ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ اسی طرح آوارہ کتوں کی تلفی،قبرستانوں کی صفائی، گٹروں کے ٹوٹے ڈھکنوں کی تبدیلی، پلاسٹک کے استعمال پر پابندی بارے عملی اقدامات کئے جائیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں پر کرایہ ناموں کو آویزاں کروانے، صفائی کے انتظامات سمیت دیگر سہولیات کے انتظامات بھی کئے جائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری، اے سی ساہیوال محمد عظمان چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمدمستوی، سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں نکلیں: ڈپٹی کمشنر ،شیخ عظمت سلیم ساہیوال کلب کے جنرل سیکرٹری منتخب
















