مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے کئی سیاسی لیڈر جیل میں رہے مگر بانی پی ٹی آئی کیلئے امریکہ کے پیٹ میں کیوں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ امریکہ اپنے کچھ لگتے کیلئے جیل کے اندر کی سہولیات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش میں ہے لیکن بانی کہتا ہے کہ اس کی حکومت امریکہ نے ختم کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کو بلا بلا کر پاکستان میں آباد کیا اور ہزاروں جوانوں کی قربانیوں کو ضائع کرکے دہشت گردی کو دوبارہ پاکستان میں داخل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حالات تکلیف دہ ہیں مگر ہم اس مشکل سے جلد نکل آئیں گے۔مریدکے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے ملک دشمن قوتیں فوری حرکت میں آ جا تی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ فساد پارٹی کی حکومت نے ملک کی 2فیصد مہنگائی کو 40فیصد تک پہنچا دیا اور اداروں کو کھوکھلا کرکے اسے دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا کر ”سری لنکا“بن جانے کے نعرے لگاتے رہے مگر میاں شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے دن رات ایک کرکے ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور معیشت کے تمام اعشاریئے مثبت جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے دشمن دوبارہ حرکت میں آ چکے ہیں مگر اب انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ دنیا بھر میں جن ممالک نے ترقی کی ہے وہاں حکومتوں کو طویل مدت تک کام کرنے کا موقع ملا مگر ہمارے ملک میں کسی کو تین سال بھی پورے نہیں کرنے دیئے جاتے۔ فوجی فرٹیلائزر کمپنی کی طرف سے کسانوں کی سہولت کیلئے ملک بھر میں ”سونا سنٹر“ قائم کرنے کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ زراعت پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی مزید ترقی کیلئے ہماری حکومت کسان کی پیداواری لاگت میں کمی اور فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پکی فصل کی ہارویسٹنگ کے دوران کسان کی دس فیصد فصل ضائع ہو جاتی ہے، ہم جدید ہارویسٹنگ کے آلات فراہم کرکے کسان کے اس نقصان کو ختم کریں گے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کسان کو معیاری سرٹیفائیڈ بیج فراہم کرنے کیلئے اتھارٹی قائم کر رہی ہے جبکہ کھاد کی قلت پر قابو پانے کیلئے کھاد فیکٹریوں کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تحصیل مریدکے اور شرقپور کے کسانوں کی سہولت کیلئے ”سونا سنٹر“کے قیام پر ایف ایف سی حکام کا شکریہ ادا کیا اور تحصیل مریدکے میں قائم سنٹر کا دائرہ کار 20کلو میٹر سے زیادہ کرنے پر راضی کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے علاقہ کے عوام کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور ہر قسم کی سہولیات سے مستفید کرانے کیلئے کوشاں ہیں۔ قبل ازیں ایم این اے انجینئر رانا احمد عتیق انور اپنے خطاب میں کہا کہ زبر دست دباو¿ کے با وجود ہماری حکومت نے زراعت پر ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کرکے بہت احسن اقدام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کسان پسینہ نہیں خون بہا کر ہمارے لئے فصل کاشت کرتا ہے اسلئے کسان کے مفاد کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ایف ایف سی کے گروپ جی ایم مارکیٹنگ اطہر جاوید نے کہا کہ ہماری معیشت کا24فیصد حصہ زراعت ہے اور37فیصد لوگ اس شعبہ کے ساتھ منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی اسکیموں کے بڑھتے کاروبار کی وجہ سے زرعی زمین کم ہو رہی ہے اس لیے فی ایکٹر زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانا ہو گا۔ فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے ایم ڈی جہانگیر پراچہ نے تقریب کی صدارت کی۔
پاکستان جب بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ملک دشمن عناصر متحرک ہوجاتے ہیں :رانا تنویر حسین

















