فیصل آباد:بارشی پانی کی عدم نکاسی پر مشتعل شہریوں کا واسا آفس گلبرگ پر حملہ

فیصل آباد:(صداقت علی) افغان آباد سے بارش اور گٹروں کے پانی کی نکاسی نہ کرنے پر مشتعل شہریوں کا واسا آفس گلبرگ پر حملہ۔ عملے کی مبینہ طور پر مارپیٹ کی ، پتھر برسا کر دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔ تھانہ گلبرگ پولیس نے سات خواتین سمیت 23 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر عملے نے کمروں میں چھپ کر جان بچائی جبکہ حملہ آور افراد نے انہیں یرغمال بنا لیا۔ملزمان نے لوہے کا مین گیٹ توڑ دیا،کرسیاں اور میز، الیکٹرک واٹرکولر،ریکارڈ الماری کی بھی توڑ پھوڑ کی۔ موقع پر موجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر گلبرگ بابر لطیف کی کال پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی اریج حیدر اور ایس ایچ او گلبرگ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شہریوں کو سمجھا بجھا کر دفتر سے نکال کر گھروں کو بھیج دیا۔ بعدازاں واسا حکام نے مقدمہ درج کروا دیا جس پر پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا نے کہا ہے ملزمان نے واسا آفس گلبرگ میں کوئی شکایت بھی درج نہیں کرائی ۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے متعدد بار واسا حکام کو پانی کی نکاسی کی درخواست کی گئی لیکن واسا افسران اور عملے نے تعاون کی بجائے رشوت کا تقاضا کیا۔ وہ واسا آفس اپنی شکایات کے سلسلے میں گئے تھے لیکن ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔