کمزور انتخابی مینڈیٹ سے مشکل اصلاحات کو خطرہ ، مہنگائی سے سماجی تناﺅبڑھے گا:موڈیز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کیلئے فنڈنگ امکانات میں بہتری آئے گی،نیا آئی ایم ایف پروگرام فنانسنگ کے معتبر ذرائع فراہم کرےگا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے سماجی تناﺅبڑھنے کا خدشہ ہے، زیادہ ٹیکسوں ،توانائی نرخوں میں مستقبل کی ایڈجسٹمنٹ اصلاحات پر دباﺅ ڈال سکتی ہے جبکہ مشکل اصلاحات کو مسلسل نافذ کرنے کا مضبوط انتخابی مینڈیٹ نہ ہونا خطرات پیدا کرسکتاہے۔

موڈیز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا رواں مالی سال پاکستان کی بیرونی فنانسنگ کی ضروریات تقریباً 21 ارب ڈالر ہیں، مالی سال 2026-27 کےلئے تقریباً 23 ارب ڈالر کی مالی ضروریات درپیش ہیں جبکہ پاکستان کے پاس موجود 9.4 ارب ڈالر کے زرمبادلہ ذخائر ضروریات سے کافی کم ہیں، پاکستان کی بیرونی پوزیشن اب بھی نازک ہے، بلند بیرونی مالیاتی ضروریات کےساتھ اگلے 3 سے 5 سال پالیسیوں میں مشکلات درپیش ہوں گی، کمزور گورننس اور اعلیٰ سماجی تناﺅ حکومت کی اصلاحات کو آگے بڑھانے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتا ہے۔