مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے جب ہماری حکومت آئی پاکستان تنہائی کا شکار تھا، بانی پی ٹی آئی نے تمام دوست ممالک کو ناراض کر دیا تھا جو شہباز شریف کی محنت سے اب مان چکے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کی محنت کا نتیجہ ہے آج تمام دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور امداد دینے سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک دوبارہ شروع ہوچکا ہے ،ایشیائی ریاستیں ہمارے ساتھ تجارت کرنا چاہتی ہیں ۔انہوں نے کہا شہباز شریف نے اپنے اوپر دباﺅکی جو بات کی وہ یہ ہے کہ ایف بی آر کے کرپٹ افسران فارغ کئے ہیں وہ بحال ہونے کی کوشش کررہے ہیں ،کرپٹ عناصر اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے وہ ایسے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایسے ایجنڈے پر چل رہے ہیں جس سے ملک کمزور ہو، عمران خان غیر ملکی ایجنڈے پرداروں کیخلاف چل رہے ہیں ، ان کا سوشل میڈیا بریگیڈ پاکستان کو بہت نقصان پہنچا چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے عدلیہ کے فیصلوں نے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا،آئین و قانون سے بالاتر فیصلے دیئے، اب بھی ایسا ہورہا ہے جو فیصلہ دیا گیا ہے دنیا کے آئینی و قانون ماہرین اس فیصلے پر حیران ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے ہمارے تمام دوست ممالک کو ناراض کردیا تھا: رانا تنویر حسین

















