اسلام آباد: (بیورورپورٹ)انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے چیف جسٹس میرے کیسز پر سماعت نہ کریں،سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔
عمران خان نے انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکسی کی کرپشن بچانے کےلئے قوانین میں ترامیم بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا، کرپشن معیشت کےلئے تباہ کن و منفی اثرات مرتب کرتی ہے،مجھ سے دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ترامیم کا فائدہ آپ کو بھی ہو گا، میرا موقف واضح ہے میری ذات نہیں ،ملک کا معاملہ ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا پارلیمنٹ کو قانون سازی آئین کے مطابق کرنی چاہیے، نیب اختیار کا غلط استعمال کرتا ہے تو ترامیم روکنے کی حد تک ہونی چاہیے، اختیارات کا غلط استعمال کرنے کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے،نیب نے مجھ پر کیس بنانے کےلئے ایک کروڑ 80 لاکھ کا نیکلس 3 ارب 18 کروڑ کا بتایا، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کےلئے چیف جسٹس میرے کیسز پر سماعت نہ کریں۔
عمران خان نے کہا ماضی میں کرپشن کرنے والوں نے قوانین ،پارلیمنٹ کو اپنی ڈھال بنایا، کرپشن کو بچانے کےلئے کی گئی ترامیم عوام کا قانون پر سے اعتبار اٹھا دیتی ہیں،قوانین کا مقصد کسی فرد واحد نہیں بلکہ عوام کےلئے ہونا چاہیے، سپریم کورٹ کو حقائق کے سامنے آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہااسٹیبلشمنٹ کی حکومت اور ایس آئی ایف سی ملک چلا رہی ہے،پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،کون سی جمہوریت میں ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل ہوتے ہیں،میرے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا ہے جیسے پاکستان کےساتھ کوئی بڑی غداری کی ہو، موجودہ حکومت نے پاکستان کی امید ختم کردی ،کسی کو بھروسہ نہیں رہا۔
عمران خان نے کہا الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ انصاف کےلئے الیکشن کمیشن بھیج رہے ہیں، سب کو معلوم ہے الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کرائے، سپریم کورٹ میں انسانی حقوق اور 8 فروری کی درخواستیں کیوں نہیں سنی جا رہیں،بھوک ہڑتال ضرور کروں گا ابھی کچھ فیصلوں کا انتظارہے۔
چیف جسٹس میرے کیسز پر سماعت نہ کریں،اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے ، عمران
















