فرقہ ورانہ ہم آہنگی، بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت، حب اہل بیت کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہو سکتا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماءاپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ امن دشمن عناصر کی سازشوں کو مل کر ناکام بنایا جا سکے۔ حب اہل بیت کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہو سکتا اسلئے تمام مسلمانوں کی دینی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مقدس ماہ میں امن، رواداری اور بھائی چارے کیلئے اپنا اہم حصہ ڈالیں۔ یہ بات کمشنر آفس میں منعقدہ ڈویژنل امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں کہی گئی جس میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور مسیحی رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جبکہ آرپی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز صائمہ علی، کیپٹن (ر) فرخ عتیق، سعدیہ مہر اور ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد بھی اجلاس میں موجود تھے۔ علماءکرام نے محرم الحرام کے دوران مجالس اور ذوالجناح کے جلوسوں کی حفاظت کیلئے ڈویژن بھر میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور یقین دلایا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی علماءامن کے قیام اور محرم الحرام کو پر امن بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مسیحی رہنما¶ں نے توہین رسالت کے قانون کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور اپیل کی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے فول پروف میکنیزم بھی ترتیب دیا جائے تاکہ کسی مظلوم سے زیادتی نہ ہو اور اقلیتوں میں موجود خوف کی فضا ختم ہو۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ امن کے بغیر کوئی معاشرہ یا ملک ترقی نہیں کر سکتا اس لئے ضروری ہے کہ اگلی نسلوں کو بہتر پاکستان دینے کے لئے ہر فرد امن کے قیام اور نفرتوں کو ختم کرنے کیلئے کوشش جاری رکھے۔ انہوں نے ساہیوال ڈویژن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالی فضا قائم رکھنے اور باہمی اختلافات کو خوش اسلوبی سے فوری حل کرنے میں علماءکرام کے کردار کو سراہا۔ اس سے پہلے آرپی او محبوب رشید نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ڈویژن بھر میں ہونے والی تمام مجالس اور ذوالجناح کے جلوسوں کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جس میں منتظمین کا تعاون بھی حاصل رہیگا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں 1749مجالس منعقد ہونگی اور461ذوالجناح کے جلوس نکلیں گے جن میں کیٹیگری اے کی مجالس اور جلوسوں کیلئے 3سطحی خصوصی حفاظتی اقدامات کئے ہیں۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں موجود خطرناک عمارتوں کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت کر دی۔ مون سون بارشوں کے سبب ان عمارتوں میں رہائش انسانی جانوں کے لئے نہایت خطرناک ہے، مالکان ازخود ان عمارتوں کو خالی کریں تاکہ نقصان سے بچا جا سکے، کمشنر ساہیوال۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد رسول وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کارپوریشن کے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ ان خطرناک عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کو ترجیحی بنیادوں پر وہاں سے منتقل کیا جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ کی ڈرین کی صفائی کے جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ کمرشل ایریا کے سیوریج مسائل حل ہوں۔ میونسپل آفیسر ذوالفقار شاہ نے بتایا کہ جوگی چوک سے کالج چوک براستہ مال منڈی چوک کی ڈرین کی صفائی 70فیصد مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی کام بھی چند دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے قصر بتول سے ملحقہ گلیوں میں پختہ تجاوزات پر ناراضگی کا اظہار کیااور انہیں فوری ہٹانے کی ہدایت کی۔چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ کارپوریشن نے جولائی کے پہلے 7 دنوں کے دوران کنورژن فیس اور بلڈنگ فیس کی مد میں 16لاکھ29ہزار روپے اور اڈا ریکوری فیس کی مد میں 4لاکھ47ہزار روپے جمع کئے جا چکے ہیں جن میں بیرون لاری اڈے سے3لاکھ27ہزار 7سو روپے اور ریلوے روڈ اڈے سے ایک لاکھ19ہزار 3سو روپے ہیں۔