معیاری بیج، ادویات کی فراہمی سے ہی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے،صائمہ علی

ساہیوال:(بےورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے کہا ہے کاشتکاروں کو معیاری بیج اور ادویات کی فراہمی سے ہی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے، جب کسان خوشحال ہوگا تو ہی ملکی معیشت بہتر ہوگی اور ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیڈیم روڈ پر محکمہ زراعت اور نجی کمپنی پاک کیم انٹرنیشنل کے تعاون سے قائم کسان سہولت سنٹر کے معائنے کے دوران کیا۔

ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن ذوالفقار غوری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہر لیاقت علی اور پاک کیم انٹرنیشنل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ملک ریاض حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے کپاس کے کاشتکاروں کی سہولت کےلئے کسان سہولت سنٹرز قائم کرنے پر نجی کمپنی کے تعاون کو سراہا، انہوں نے کہا ہر تحصیل میں قائم سنٹرز بارے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہی دینے کےلئے خصوصی مہم چلائی جائے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی کا رات گئے شہر کا تفصیلی دورہ، عاشورہ کے جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا، مذہبی رہنما سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، اے ڈی سی جی سید عثمان بخاری،اسسٹنٹ کمشنر عظمان چودھری، سی او شیخ اشفاق احمد اور تاجر رہنما بھی ساتھ تھے،ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے قصر بتول سے قبرستان ماہی شاہ تک انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا شہر میں نکلنے والے ذوالجناح کے تمام جلوسوں کے روٹس کو فوری کلیئر کیا جائے، روٹ کی تمام سڑکوں کا پیچ ورک محرم شروع ہونے سے پہلے مکمل کر لیا جائے،صائمہ علی نے کہا انتظامیہ عزاداروں کو تمام ممکن سہولیات مہیا کرے گی،قبل ازیں ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے چک نمبر 90/9L، 135/9L اور 94/6R کا بھی دورہ کیا اور ذوالجناح کے روٹس کا معائنہ کیا، اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو عزاداروں کو تمام سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔