لاہور:( اپنے رپورٹر سے) پنجاب اسمبلی نے بھی امریکی قرارداد کےخلاف قرارداد منظور کر لی،بجٹ کی بھی کثرت رائے سے منظوری دےدی گئی،اپوزیشن کابائیکاٹ،ایوان کے باہر اپنی اسمبلی لگالی۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 50منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا، حکومتی رکن احسن رضا خان کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگان کی قراراد کیخلاف پیش کی گئی قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیاامریکی قرارداد اندرونی معاملات میں مداخلت ،پاکستان میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش ہے، عام انتخابات کو قرارداد کے ذریعے متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، تمام ادارے آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان جمہوری اقدار کا پاسدار ہے،قرارداد میں کہا گیا پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی کو غلط انداز میں پیش کیاگیا، امریکی قرارداد یہودی سازش کا حصہ جو ملکی عدم استحکام کو فروغ دینے کےلئے یہودی لابی کی طرف سے لائی گئی،سیاسی جماعتیں جمہوریت پرشعور رکھتی ہیں، امریکی کانگریس کو دوسروں کے امور میں مداخلت کی بجائے فلسطین و کشمیر کاز کی حمایت کرنی چاہیے ،امریکی کانگریس کی قرارداد پاکستان ،امریکہ کے دو طرفہ تعلقات کی عکاس نہیں ۔
قبل ازیں اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے نقطہ اعتراض پر بات کرنا چاہی لیکن اسی دوران حکومتی اراکین نے شور شرابا شروع کر دیا،سپیکر کی جانب سے اپوزیشن اراکین کی معطلی کا آرڈر ایوان میں پڑھ کر سنایا گیا ،سپیکر نے اپوزیشن کو کٹ موشن پیش کرنے کی دعوت دی جس پر حکومتی اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور شور شرابا شروع کر دیا ،سپیکر نے اپوزیشن اراکین کو طنزاًکہا آپ بات کریں ،اسی طرح آپ کو منع کرتا رہا آپ نہیں مانے ،آپ بولےںبات سن رہا ہوں ،میں نے ہیڈ فون منگوا لیاآپ بات کریں میں سنتا ہوں ،حکومتی اراکین مسلسل شور شرابا کرتے رہے ،حکومتی رکن احسن رضا نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر اپوزیشن کی طرف اچھال دیں،رانا آفتاب نے کہا سپیکر صاحب آپ حکومتی اراکین کو بھی معطل کرےں، ،ایوان کی روایات کو بلڈوز کر دیاگیا ،کس قانون کے تحت شور شرابا کرا رہے ہیں ،حکومتی اراکین کے شور شرابے پر اپوزیشن اراکین نعرے لگاتے ہوئے ایوان کی کارروائی کو چھوڑ کر باہر چلے گئے،بعدازاں ضمنی بجٹ بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
ادھر پنجاب اسمبلی میں11اراکین کی معطلی پر اپوزیشن نے اسمبلی گیٹ پر دھرنا دیتے ہوئے اپنی اسمبلی لگائی،سکیورٹی نے اپوزیشن کے معطل اراکین کو اسمبلی حدود میں داخلے ہونے سے روک دیا،اپوزیشن والوںنے اسمبلی گیٹ بجانا شروع کردئیے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا،اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 11اراکین کو معطل کرنا غیر آئینی ہے،سپیکر ملک احمد خان پارٹی بن گئے ، آپ 11نہیں بلکہ تمام ممبرز کو ہی معطل کردیں،اپوزیشن نے گیٹ پر اپنا اجلاس بلا یا، وقاص مان نے سپیکر کے فرائض سرانجام دئیے،اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کےلئے قراداد پیش کی جس میں کہا گیا ملکی تاریخ کا متنازع ترین واقعہ ہے، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے،سپیکر نے قرارداد پر ووٹنگ کے بعد منظوری کا اعلان کیا،اجلاس میں سپیکر ملک احمد خان کے 11 اراکین کو معطل کرنے کے حکم کیخلاف بھی تحریک بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں بھی امریکی قرارداد کےخلاف قرارداد منظور

















