ون ونڈو آپریشن سیل کو مزید بہتر بنایا جائے:چیئرمین ساہیوال بورڈ

ساہیوال:(بےورورپورٹ)ساہیوال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے بورڈ آف گورنرز کا57واں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال وچیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے کی، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت، ڈپٹی ڈائیریکٹر کالجز رابعہ اختر اور سی ای او ایجوکیشن چودھر ی اکرام سمیت بورڈ کے تمام ممبران نے شرکت کی۔

کمشنر ساہیوال وچیئرمین بورڈ شعیب اقبال سید نے کئی سالوں سے چلنے والی انکوائریوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آئندہ چلنے والی انکوائریوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، اجلاس کے دوران3 ملازمین کی انکوائریوں کو سنا گیا اور سٹوڈنٹس کےلئے سپورٹس کے موقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے بورڈ کی زیر تعمیر عمارت پر کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ کرایہ کی عمارت سے چھٹکارہ مل سکے، انہوں نے مزید کہا دوردراز سے بورڈ آفس آنے والے طلبہ و طالبات کی آسانی کے پیش نظر ون ونڈو آپریشن سیل کو مزید بہتر بنایا جائے، نئی زیر تعمیر عمارت میں بھی ون ونڈو آپریشن سیل کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں اور انہیں بار بار آفس کے چکر نہ لگانا پڑیں۔