پنجاب اسمبلی ،ہنگامہ،ضمنی بجٹ کی منظوری موخر،11 اراکین کی رکنیت معطل

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کاہنگامہ،ضمنی بجٹ کی منظوری موخر،ایوان مچھلی منڈی کامنظر پیش کرتارہا،وزیر اعلیٰ کی تقریر کے دوران ہلڑی بازی ،نازیبا،غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر اپوزیشن کے 11اراکین کی رکنیت معطل ،15روز کیلئے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد ، ملک احمد خان بھچر سے سرکاری گاڑی،چیمبر کاسٹاف واپس لے لیا گیا۔

سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا تواپوزیشن کی جانب سے خوب ہنگامہ آرائی کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خطاب کے دوران شو ر شرابا کیا گیا،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں اچھالتے رہے ،حکومتی اراکین نے نشستوں سے اٹھ کر وزیر اعلیٰ مریم نوازکے اطراف حفاظتی حصار قائم کیے رکھا، حکومتی و اپوزیشن اراکین کے درمیاں توں تکرار بھی ہوتی رہی،سپیکر کی مداخلت کے باوجود اپوزیشن اراکین نشستوں پر بیٹھنے سے انکاری رہے ،مسلسل نعرے بازی کی وجہ سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا۔

اپوزیشن کے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی وجہ سے سپیکر نے ضمنی بجٹ کی منظوری کا عمل موخر کر کے اجلاس ہفتے کی دوپہر 2بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا اورایوان میں بد ترین ہلڑ بازی، نازیبا اور غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر 11اراکین کی رکنیت معطل کر کے 15سیشن ڈیز کے لئے ایوان میں داخلے پر پابندی کے احکامات جاری کر دئیے۔

اراکین میںذوالفقار علی ،رانا شہباز احمد ،عاطف ،طیب راشد ، امتیاز محمود ،حافظ فرحت عباس ،اعجاز شفیع ،رانا اورنگزیب،شعیب امیر،اسامہ اصغر ، علی گجر اور اسد عباس عباس شامل ہیں۔

ملک احمد خان نے کہااراکین اسمبلی نے گالم گلوچ اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کر کے ایوان کا تقدس مجروح کیا،ہاﺅس کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کی گئی، اگلی مرتبہ ہاﺅس کو ان آرڈر چلانے کےلئے اپنا آئینی اختیار استعمال کروں گا۔

مزید برآں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سے سرکاری گاڑی،چیمبر کا تمام سٹاف واپس لے لیا گیا،ملک احمد بھچر نے کہا سپیکر پنجاب اسمبلی نے مریم نواز کی خوشنودی کیلئے انتقامی رویہ اپنایا، گاڑی ،سٹاف واپس لے کر پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائی گئیں،بجٹ میں عوام دشمن اقدامات کی نشاندہی اپوزیشن کی ذمہ داری ہے، انتقامی کارروائیاں عوام کے مسائل کی نشاندہی سے نہیں روک سکتیں۔

علاوہ ازیںڈپٹی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی کو اسمبلی میں داخلے سے روک دیا گیا،معین ریاض قریشی نے کہاضروری کام سے اسمبلی گیا سکیورٹی نے اندر جانے کی اجازت نہیں دی، اسمبلی سکیورٹی نے بتایا وائرلیس پر پیغام آیا ہے آپ کے داخلے پر پابندی ہے۔