نیویارک (خواجہ فاروق) امریکہ میں پاکستان کے فارن آفس نے اوورسیز کو لاوارث چھوڑ دیا، چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے سے مسائل کا انبار، کمیونٹی نے کسی مسیحا سے امید لگالی۔ خصوصی رپورٹ کے مطابق فارن آفس نے پاکستانی خارجہ پالیسی کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔ وزیراعظم، صدر سمیت سب مافیا کے سامنے بے بس ہیں، شکایات کا انبار ہونے کے باوجود کوئی بھی ایکشن خواب بن ہوگیا، کسی بھی قسم کی کارروائی نہ ہونے سے تمام معاملات کنٹرو ل سے باہر ہوگئے، تبادلے نہ ہونے کے باعث فارن آفس میں تعینات عملے نے اوورسیز کی زندگی اجیرن بنادی، کوئی مسئلہ حل کرنا تو دور دیار غیر میں مقیم کسی بھی پاکستانی کی بات تک نہیں سنی جاتی، کوئی شکایت لیکر جائے تو ذلیل کرکے واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے کہا بس بہت ہوگیا، حکومت فوری مافیا کیخلاف ایکشن لے، اب بھی کارروائی نہ کی گئی تو اوورسیز میں پکنے والا لاوا حکومت کیخلاف نفرت مزید بڑھا دیگا۔ سفیر سردار مسعود، یواین میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم، قونصل جنرل نیویارک عامر خان اتوزئی، وائس قونصل جنرل عمر شیخ سمیت سمیت دنیا بھر میں تعینات منافق سفارتی عملے کو ہٹانا وقت کی ضرورت ہے، حکومت امریکہ و تمام بیرون ممالک میں ایماندار اور پاکستان، کشمیر سے محبت کرنے والے نوجوان سفارتکاروں کو تعینات کرے تاکہ ملکی خارجہ پالیسی مضبوط ہو اور اوورسیز پاکستانی بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔ اگر فارن آفس میں سفارتکاروںکی تطہیر نہ کی گئی تو پاکستان کی شہ رگ کشمیر سوالیہ نشان بن کر رہ جائیگا، دنیا میں سفارتی تنہائی کےساتھ ملک معاشی طور پر کمزور ہوگا اور ذمہ دار موجودہ قیادت ہوگی۔ مزید برآں اوورسیز پاکستانیز نے نئی پاسپورٹ پالیسی کو ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو زرمبادلہ پاکستان بھیجنا بند کردیں گے، دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کا بھاری زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت مضبوط بنانے میں اہم کردار ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، ملک و کمیونٹی دشمنی فیصلہ کسی صورت ملکی مفاد میں نہیں، سیاسی جماعتیں معاملے کو فوری پارلیمنٹ میں اٹھائیں، امریکہ میں مقیم پاکستانی پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ پاسپورٹ، شناختی کارڈ تک بناکر نہیں دیا جاتا، مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ اوورسیز نے مزید کہا عمران دور میں تعینات سفارتی عملے نے مافیا کی شکل اختیار کرلی نہ جانے حکومت ہٹانے میں کیوں ہچکچاہٹ کا شکار ہے؟ نااہل لوگوں کو ہٹانے کیلئے سخت ایکشن ناگزیر ہے، پاسپورٹ پالیسی پہلے والی جاری رکھی جائے، دیار غیر میں مقیم افراد نے زرمبادلہ بھیجنا چھوڑ دیا تو ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور ذمہ دار وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت حکومت میں بیٹھے تمام اتحادی ہوں گے۔
امریکہ میں پاکستان کے فارن آفس نے اوورسیز کو لاوارث چھوڑ دیا ، شکایات کا انبار، ایکشن خواب
















