حکومتیں عوامی طاقت کے سامنے کھڑی نہیں ہو سکتیں، محنت کشوں کو متحد ہونا ہوگا :چوہدری منظور

لاہور (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی انچارج لیبر ونگ چودھری منظور نے کہا ہے کہ حکومتیں عوامی طاقت کے سامنے کھڑی نہیں ہو سکتیں، پاکستان کے محنت کشوں کو اپنے مطالبات کیلئے اکٹھا ہو نا ہو گا،جس روز 10ہزار محنت کش پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے بیٹھ گئے،حکومت کو انکی بات سننا پڑے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب سیکرٹریٹ میں پاسبان یونین پی ڈبلیو ڈی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پاسبان یونین کے چیئرمین یونس کھوکھر، سینئر وائس چیئرمین خلیل احمد گل ،جنرل سیکرٹری منور حسین بٹ ،ایڈیشنل سیکرٹری شوکت حیات، ڈپٹی سیکرٹری جاوید اقبال، چیف آرگنائزر ڈاکٹر افضل اور انفارمیشن سیکرٹری اجمل مفتی بھی موجود تھے۔چودھری منظور احمد نے کہا کہ وزیر اعظم سے سوال ہے کہ پی ڈبلیو ڈی کرپٹ ہے تو این ایچ اے ،لوکل گورنمنٹ میں کرپشن نہیں؟وزیر اعظم ان کو بھی بند کر دیں پھر پی ڈبلیو ڈی کو اعتراض نہیں ہو گا۔انکا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کو فنڈز دیتے وقت کہا گیا کہ اس میں سے ہی الیکشن لڑنا ہے جنہیں فنڈز جاری کیے گئے وزیر اعظم انکے اثاثے بھی چیک کرائیں۔چودھری منظور احمد نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم اس غلط فیصلے کو واپس لیں،پک اینڈ چوز نہیں ہونا چاہیے۔میڈیا بھی ملک کے مزدوروں کے مسائل پر بھر پور توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کا مسئلہ یہ ہو گیا ہے کہ ہماری لڑائی کوئی اور لڑے ۔آپ اپنے حقوق کی لڑائی لڑیں۔پیپلز پارٹی پیچھے کھڑی ہو گی۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے 2008اور 2010میں 17ہزار افراد کو نوکریوں پر بحال کیا ،پارٹی قیادت ہم سے گلہ کرتی ہے کہ ڈیڑھ کروڑ سرکاری ملازمین پی پی کو ووٹ نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی پاسبان یونین کی گورنر پنجاب سے ملاقات کراونگا۔قبل ازیں پاسبان یونین کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پی ڈبلیو ڈی میں کرپشن کا الزام لگا کر بند کرنیکا حکم دیا،پی ڈبلیو ڈی والے عدالتوں اور وزرا کالونی سمیت اہم محکموں کی خدمت کر رھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مینٹی نینس سٹاف کو بیروزگاری کے عفریت سے بچایا جائے ،فریاد لیکر پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس آئے ہیں۔ حکومت گریڈ ایک سے 16کے چار ہزار ورکرز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے بچائیں۔