نکاح کیس میں عمران ،بشریٰ کی سزا معطلی درخواست پر فیصلہ27جون تک محفوظ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) عدت نکاح کیس میں عمران،بشریٰ کی سزا معطلی درخواست پر فیصلہ محفوظ ،27 جون کو دن 3 بجے سنایا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میںسزا معطلی اور مرکزی اپیلوں پر جلد سماعت کی درخواست پر سماعت ہوئی، خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف نے دلائل دئیے،زاہد آصف نے سزا معطلی کی درخواست کی مخالفت کر تے ہوئے کہا عدالت نے دیکھنا ہے کہ اپیل کنندگان کا کیس سزا معطلی کا ہے یا نہیں، اپیل کنندہ کے وکلا ءنے خاور مانیکا کیلئے جھوٹا شخص کے الفاظ استعمال کیے، عدالت نے دیکھنا ہے مفتی سعید، خاورمانیکا، عمران خان اور بشریٰ میں سے جھوٹا کون ہے؟۔

وکیل نے کہا جو انٹرویو چلایا گیا حقائق توڑ موڑ کر پیش کیے گئے، خاور مانیکا کے بیٹے نے اسی انٹرویو میں کہا بانی پی ٹی آئی کا نکاح بشریٰ سے نہیں ہوا،یہ جھوٹا الزام ہے،دوران سماعت جج افضل مجوکا نے خاور مانیکا کے وکیل سے کہا اپیل کنندگان کہتے ہیں چلہ کرایا گیا جس کے بعد شکایت دائر ہوئی اس پر بتائیں، بدنیتی کا تعلق حالات و واقعات سے ہوتا ہے، کیا گرفتاری کے بعد ایسے حالات نہیں تھے؟ ۔

وکیل نے جواب دیا جی نہیں ایسے حالات نہیں تھے تحقیقاتی ادارے کی جانب سے تفتیش کےلئے گرفتار کیا گیا تھا،جج نے سوال کیا جب شکایت واپس لی گئی تو کیس بریت کا بنتا ہے جج صاحب نے کیا لکھا؟ کیا جو پہلے والی شکایت واپس لی گئی تو چارج فریم ہوا تھا یا نہیں اورکیس میں فراڈ کیا ہوا یہ بتائیں؟ کیا کوئی پریشر یا دھمکی تھی کہ خاور مانیکا اگر شکایت درج کریں گے تو نتائج ہوں گے؟۔

زاہد آصف نے کہا میں نے وہ فیصلہ نہیں پڑھا مگر اس کی ضرورت نہیں تھی، دھرنا اور بانی پی ٹی آئی کے وزیراعظم بننے کے حالات سامنے ہیں، کیا ایک عام آدمی جو ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہا ہو وہ وزیراعظم سے ٹکر لے سکتا ہے؟،بعد ازاں جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 27 جون کو دن 3 بجے سنایا جائے گا۔