دہشتگردی کےخلاف”عزم استحکام‘ ‘آپریشن کی منظوری، سکیورٹی کو ایک ادارے پر چھوڑنا فاش غلطی ہوگی،وزیراعظم

اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ) نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی میں بڑا فیصلہ،دہشتگردی کےخلاف عزم استحکام آپریشن شروع کرنے کی منظوری دےدی گئی۔


زیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہوں، وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز نے شرکت کی ۔

اعلامیے کے مطابق فورم نے انسداد دہشتگردی کی جاری مہم ،داخلی سلامتی کی صورتحال ، نیشنل ایکشن پلان کے کثیرالجہتی اصولوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں خامیوں کی نشاندہی ،انسداد دہشتگردی کی جامع و نئی جاندار حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا،جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا حکمت عملی مکمل قومی اتفاق رائے و نظام کے وسیع ہم آہنگی پر ہوگی،دہشتگردی ،انتہا پسندی کےخلاف پاکستان کی اپنی جنگ ہے،جنگ قوم کی بقا اور بھلائی کےلئے ضروری ہے۔

اجلاس میںچینی باشندوں کی سکیورٹی کےلئے وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے ایس او پیز متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیئے گئے ، ایس او پیز چینی باشندوں کی جامع سکیورٹی کےلئے طریقہ کار وضع کریں گے۔

ایپکس کمیٹی نے کہاملک سے انتہا پسندی ،دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، آپریشن عزم استحکام خطرات سے نمٹنے کےلئے اہم ثابت ہو گا،سیاسی و سفارتی سطح پر علاقائی تعاون کے ذریعے دہشتگردوں کی آپریشنل سپیس ختم کرنے کےلئے کوششیں تیز کی جائیں گی، دہشتگردی مقدمات کے مو¿ثر استغاثہ کےلئے مناسب قانون سازی کی جائے گی تاکہ ملزموں کو مثالی سزائیں دی جائیں،کسی کو بھی ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،عزم استحکام آپریشن جامع و فیصلہ کن انداز میں انتہا پسندی و دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کےلئے کوششوں کے متعدد خطوط کو مربوط و ہم آہنگ کرے گا،مسلح افواج کی تجدید اور بھرپور متحرک کوششوں کو تمام قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی مکمل حمایت سے بڑھایا جائے گا، مہم کو سماجی و اقتصادی اقدامات کے ذریعے مکمل کیا جائے گا،مقصد لوگوں کے حقیقی خدشات کو دور کرنا اور انتہا پسندانہ رجحانات کی حوصلہ شکنی کرنے والا ماحول بنانا ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاتمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے مہم کو دوبارہ متحرک کرنے کی منظوری دیں گے،انتہاپسندی ،دہشتگردی کاخاتمہ ناگزیر ہے، سفارتی کاوشوں سے دہشت گرد تنظیموں کی بیخ کنی کریں گے،عزم استحکام آپریشن انتہا پسندی ،دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا،دہشتگردی سے نمٹنے کی ذمہ داری تمام وفاقی و صوبائی حکومتوں کےساتھ اداروں پر عائد ہوتی ہے،لعنت کے خاتمے کےلئے اجتماعی و مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

شہبازشریف نے کہا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ریاست میں احتساب کے عمل کو مکمل طور پر اور بغیر کسی استثنیٰ کے نافذ کیا جائے،دہشتگردی نے پاکستان کو اڑھائی دہائیوں سے مختلف طریقوں سے متاثر کیا ،دہشتگردی کا مسئلہ بہت پیچیدہ ، دہشتگردی کا جرائم، منشیات، سمگلنگ، انتہا پسندی اور مذہبی منافرت کے درمیان مہلک رشتہ ہے،پائیدار ترقی کےلئے استحکام و قانون کی حکمرانی ناگزیر ہے،سافٹ سٹیٹ کبھی بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد نہیں جیت سکتی ، عدم استحکام و دہشتگردی سے دوچار ملک میں صحت مند و مضبوط معیشت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نے کہاصوبائی حکومتیں سکیورٹی ذمہ داری فوج پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتیں،طاقت کے تمام عناصر میں ہم آہنگی کی ضرورت ہے،دہشتگردی کیخلاف کامیابی کیلئے سیاسی و مذہبی طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا، سکیورٹی کو ریاست کے صرف ایک ادارے پر چھوڑنا فاش غلطی ہوگی،جنگ میں پوری قوم کو شامل کرنے کیلئے فعال کردار ادا کرنا ہوگا،وزیراعظم نے کہا مکمل نظام وحکومت کے بغیر پائیدار استحکام کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا،مسلح افواج کئی دہائیوں سے اپنا خون بہا کربے مثال و بے شمار قربانیاں دے رہی ہیں،تمام قانون نافذ کرنےوالی ایجنسیاں، وزارتیں، وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے ملکر دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کےلئے کام کریں۔

شہبازشریف نے کہا ملک کو امن و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے سیاسی و مذہبی قیادت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،دہشتگردی کےخلاف جنگ کےلئے سیاسی و مذہبی قیادت کوواضح ہونا چاہیے جنگ اپنی نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کےلئے ہے،تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر ذمہ داری قبول کرکے مسلح افواج کی حمایت کرنی چاہیے،پاک فوج اور وزارت داخلہ کو دہشتگردی کےخلاف جنگ میں تعاون کےلئے تمام ممکنہ وسائل اور آلات فراہم کرینگے۔

وزیراعظم نے پاک چین تعلقات پرمہم کوگندی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ا ورکہا مہم ملک کو غیر مستحکم کرنے کےلئے چلائی گئی ،چینی قیادت نے اپنے بیانات کے ذریعے مہم کا مقابلہ کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے بیجنگ پاکستان کےساتھ تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے،یقینی بنائیں گے غلط معلومات و جھوٹ سچائی کو نہ چھپا سکے، پاکستان کے دشمنوں نے سوشل سپیس کو زہر آلود کر رکھا ہے، اظہاررائے کا غلط استعمال و آئین کی دھجیاں اڑانے سے بڑا کوئی جرم نہیں ہوسکتا ایسے قوانین بنانا ہوں گے جو نفرت و تقسیم کے بیانیے ختم کرسکیں۔

قبل ازیں سینٹ ہالز چرچ میں پاک فوج کے شہید سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کی عظیم قربانیوں پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا افواج پاکستان نے ملک کے تحفظ کیلئے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دیں ، ہارون ولیم نے وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پوری قوم اقلیتی برادری کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سب ملکر ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنائیں گے، ملک میں مہذب نظام، تحمل، برداشت، رواداری ،بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے کہاقائداعظم ،علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر تب ہی ممکن ہوگی جب ملک میں مہذب نظام ،تدبر وتحمل ، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں ،اقلیتوں کا پہلے سے بھی زیادہ خیال رکھیں، فوجی جوان اپنے بچوں کو یتیم کر کے قوم کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں، میں افواج پاکستان کے جوانوں اور سپہ سالار کو سلام پیش کرتا ہوں۔

شہبازشریف نے ہارون ولیم کے اہل خانہ سے دل کی گہرائی سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا آپ کے غم میں شریک ہیں ،قربانی سے آپ کے خاندان کا نام قیامت تک روشن رہے گا کیونکہ آپ نے ملک کا نام روشن کیا ،آئیں سب ملکر ملک کو عظیم بنائیں، شہدا کے خون کی قربانی کے نتیجے میں پاکستان عظیم ملک بنے گا، تقریب میں آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر، مسلح افواج کے افسروں، وفاقی وزرا سمیت ہارون ولیم کے اہل خانہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔