شہروں میں نکاسی آب کےلئے ڈرینز کی صفائی مکمل کی جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال:(بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے مون سون بارشوں کے آغاز پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی، شہروں میں نکاسی آب کےلئے ڈرینز کی صفائی مکمل کی جائے اور بارش کے پانی کی نکاسی کےلئے ڈسپوزل سٹیشنز پر بجلی بند ہونے کی صورت میں متبادل انتظامات بھی کیے جائیں، وہ اپنے دفتر میں دریاوں میں سیلابی صورت حال اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈپٹی کمشنرصائمہ علی، کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان اور سعدیہ مہر اور محکمہ اریگیشن، زراعت، لائیو سٹاک، ایمرجنسی سروسز اور بلدیاتی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔


کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے دریائے ستلج اور راوی میں پچھلے سال آنے والے سیلاب کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام انتظامات خصوصاً کشتیوں کی موجودگی، لائیوسٹاک کےلئے چارہ اور ادویات کا مناسب ذخیرہ اور سیلاب کی صورت میں عوام کو ریسکیو کرنے کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کی، کمشنر شعیب اقبال سید نے محکمہ اری گیشن کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ دریاوں پر بنائے گئے ڈائیکس(بند) کو چیک کریں اور جہاں ضروری ہو ان کی مرمت بھی کر لی جائے، انہوں نے بوقت ضرورت مقامی نمبرداروں اور لوکل گورنمنٹ کے فیلڈ افسران کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کےلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں دوسری جانب کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے تینو ں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اجلاس میں ہدایات دیتے ہوئے کہا عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کےلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی روزانہ کی چیکنگ میں تیزی لائیں اور خاص طور پر روٹی کی سرکاری قیمت پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،اجلاس میں روٹی اور نان کی قیمتوں پر خصوصی غور ہوا، انہوں نے بتایا ڈویژن بھر میں نان کی سرکاری قیمت پر فروخت پر عمومی عمل درآمد ہورہا ہے لیکن روٹی مہنگی فروخت ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جن کو دور کیا جانا چاہیے، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سیدنے ہدایت کی تمام پرائس مجسٹریٹس چیکنگ کے دوران روٹی کی قیمت کو بھی ضرور چیک کریں۔