اہل خانہ کی خوشیوں کو چھوڑ کر کام کرنے والے سٹاف کو سلام :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) عیدالاضحی کے موقع پر شہر کی صفائی ستھرائی میں حصہ لینے والے سینٹری ورکرز کی حوصلہ افزائی کیلئے جناح ہال میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر ساہیوال /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شعیب اقبال سید تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد و دیگر میونسپل افسران، سینٹری انسپکٹر ڈاکٹر ریاض احمدسمیت سینٹری ورکرز کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے عید کے تینوں روزشہر میں صفائی یقینی بنانے پر سٹاف کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عزت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی فرد واحد کی کامیابی نہیں بلکہ ہم سب کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید پر اپنے بچوں اور گھر والوں کو چھوڑ کر جس محنت اور لگن سے آپ لوگوں نے شہر کی صفائی کیلئے کام کیا وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ضلع کونسل کی کارکردگی بھی بہت اچھی رہی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی محنت اور لگن سے کام جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین رپورٹنگ پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی خوب سراہا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے بھی سینٹری ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن عملے کو ایک تنخواہ برابر بونس دینے کا اعلان کیا اور احسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر انتظامیہ عیدالاضحی کے تینوں دن ساہیوال کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے مشن میں کامیاب، تین دنوں میں ڈویژن بھر سے 4000 میٹرک ٹن سے زائد ریکارڈ ویسٹ اٹھایا گیا، ضلع ساہیوال سے 1458، ضلع اوکاڑہ سے 1575اور ضلع پاکپتن سے 967 میٹرک ٹن کوڑا اٹھایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عید کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تینوں روز خود فیلڈ میں موجود رہے اور کوڑا کرکٹ اور قربانی کے جانوروں کی باقیات اٹھانے کے کام کی خود مانیٹرنگ کی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھی مانیٹرنگ کرتے رہے۔ قربانی کے جانوروں کی باقیات اٹھانے کے لئے ڈویژن میں 260 ویسٹ کولیکشن سنٹرز بنائے گئے جن میں سے ضلع ساہیوال میں 67، ضلع اوکاڑہ میں 95 اور ضلع پاکپتن میں 98 کولیکشن سنٹر بنائے گئے۔ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی جاری رکھی اور کنٹرول رومز میں آنے والی شکایات کو فوری حل کروایا گیا۔ سینٹری سٹاف نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور موثر مانیٹرنگ کے سبب بہت کم شکایات موصول ہوئیں۔ دوسری طرف چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی طرف سے عیدالاضحی پر ضلع بھر کو زیروویسٹ بنانے پر کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر صائمہ علی کو مبارکباد، جانوروں کی آلائشیں اٹھانے میں مصروف تمام عملے کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ برابر بونس دینے کا اعلان کیا۔ کمشنر ساہیوال کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید کے تینوں دنوں میں سینٹری ورکرز نے جس فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے سے کام کیا ہے وہ لائق ستائش ہے۔ انہوں نے صفائی کے اسی جذبے کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔