ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عید الاضحی کے موقع پر صفائی یقینی بنانے کیلئے میونسپل کارپوریشن ساہیوال اور پی ایچ اے ساہیوال کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں، تمام آفیسرز اور ملازمین چھٹیوں کے تینوں دن فیلڈ میں رہیں اور جانوروں کی آلائشیں فی الفور اٹھانے کو یقینی بنائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے پی ایچ اے کی طرف سے گرین بیلٹس کی صفائی نہ کرنے اور شدید گرمی کے موسم میں پودوں کو بروقت پانی نہ دینے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ دریں اثناءعید الاضحی کے موقع پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے عمل اور کسی بھی ایمرجنسی سے عہدہ برآ ہونے کیلئے کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جس کا فون نمبر0409200295ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر جنرل اس کنٹرول روم کی نگرانی کریں گے جوعید کے تینوں دن صبح6بجے سے رات 10بجے تک آپریشنل رہیگا۔دوسری طرف ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے افسوسناک واقعہ کے پیش نظر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ڈویژن میں قائم تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، مراکز صحت اور تحقیقاتی اداروں میں فائر فائٹنگ کا نظام فوری درست کرنے کی ہدایت کر دی۔ ڈویژنل افسران کو لکھے گئے خط میں انہوں نے ہدایت کی کہ دفاتر میں نصب الیکٹرک سوئچز اور دیگر تنصیبات کا معائنہ کرایا جائے اور بجلی کی کھلی تاروں کی فوری مرمت کرائی جائے۔ انہوں نے تمام دفاتر میں آگ بجھانے کے آلات لگانے اور عملے کو ضروری تربیت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انتظامیہ قربانی کے جانوروں کی آلائشات فوری اٹھانے کو یقینی بنائے :کمشنر ساہیوال

















