معاشی حالات کی بہتری کیلئے تارکین وطن پاکستان میں سرمایہ کاری کریں :گورنر پنجاب
لاہور (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی گلف و مڈل ایسٹ کی طرف سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی گلف و مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیر ہانس اور عائشہ منیر ہانس نے کیا ۔ گورنر پنجاب کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ڈاکٹربوعبداللہ، محمد راشد، اقبال داد، حنیف مرچنٹ، شبیر مرچنٹ، خرم خواجہ، میاں عمر ابراہیم، کامران اسحاق، راجہ سرفراز، چوہدری خالد حسین،عائشہ منیر ہانس، حاجرہ شیریں درانی، نجمہ جیلانی، نجمہ احسان، ڈاکٹر پوجا، رومہ بٹ، الینا ڈی بیکی، پروفیسر رابعہ اور دیگر خواتین نے شرکت کی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں تا کہ ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے گورنر ہاﺅس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں لہٰذا ہر کوئی اپنے مسائل کے حل کیلئے ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سنے اور ان کے مسائل حل کرانے کا وعدہ کیا۔انہوں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان پیپلز پارٹی گلف و مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیر ہانس اور ان کی ٹیم کی کار کردگی اور اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خدمات کو سراہا۔اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بزنس مینوں، صحافیوں اور پارٹی رہنماﺅں کو ان کی گرانقدر خدمات پر ایوارڈز بھی دئیے گئے۔
















