لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گزشتہ روز یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں قطر کے سفیر علی بن مبارک الخطر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قطر کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی کرنے پر قطر کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان آئل اور گیس سیکٹر میں قطر کی مہارت سے استفادہ اٹھانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر نے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کے دوران اسلامی تعلیمات اور اقدار کو پوری دنیا کو دکھایا جس کو سراہتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کا حقیقی چہرہ دکھانے کی ضرورت ہے۔قطر کے سفیر علی بن مبارک الخطر نے کہا کہ امیر قطر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قطر سے ماہرین کے وفود پاکستان کا دورہ کریں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاملات آگے بڑھائیں گے۔بعد ازاں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے رہنما حسن اشرف بھٹی کے گھر گئے جہاں انہوں نے ان کے والد اشرف بھٹی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے اشرف بھٹی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ گورنر پنجاب کی اشرف بھٹی مرحوم کے گھر آمد کے موقع پر جہاں آرا وٹو، احسن رضوی ، عزیز الرحمن چن ، ذیشان شامی اور شاہد عباس ایڈوکیٹ موجود تھے۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان میڈیا نمائندگا ن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اشرف بھٹی مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم اشرف بھٹی کی پارٹی کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک بلاتفریق احتساب اور سزا و جزا کا عمل نہیں ہوگا اس وقت تک ملک ٹھیک نہیں ہوگا۔
قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا:گورنر پنجاب
















