ملک میں امن وخوشحالی کیلئے بین المذاہب رواداری ناگزیر ہے:فیصل کریم کنڈی

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ، آغوش آرفن کیئرہوم اور منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کی علم و امن کیلئے خدمات کا معترف ہوں، بالخصوص تعلیم کے شعبے میں منہاج القرآن کی عملی خدمات قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد خیبرپختونخوا میں بین المذاہب رواداری کے عنوان سے قومی کانفرنس کا اہتمام کریں گے۔ امن و خوشحالی کیلئے بین المذاہب رواداری ناگزیر ہے۔ عدم برداشت کی غیر انسانی قدروں کے ساتھ ہم امن اور ترقی کا کوئی ہدف بھی حاصل نہیں کر سکتے۔بیرسٹر عامر حسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کا منہاج یونیورسٹی لاہور آمد پر وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد و دیگر سینئر عہدیداروں نے استقبال کیا۔ اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق گورنر کے پی کے نے منہاج یونیورسٹی کے الیکٹریکل، کیمیکل انجینئرنگ، ایڈمشن بلاک اور شیخ الاسلام تصوف سنٹر کا دورہ کیا اور منہاج یونیورسٹی کے تدریسی ماحول کو منفرد اور بامقصد قرار دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گورنر کے پی کے کو یادگاری سوونیئر دیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا ترجمہ عرفان القرآن، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہرہءآفاق کتاب ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ اور اپنی تازہ ترین کتب تحفہ میں دیں۔ گورنر کے پی کے نے منہاج ویلفیئر فاو¿نڈیشن کے زیر اہتمام کام کرنے والے سٹیٹ آف دی آرٹ آرفن کیئر کمپلیکس کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کمپلیکس میں رہائش پذیر یتیم بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا، ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کو جو سہولتیں یہاں میسر ہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، ایسے ادارے دیگر صوبوں میں بھی بننے چاہئیں۔