ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر احمد فرہاد کی محفوظ ریکوری یقینی بنائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر درخواست گزار احمد فرہاد کی متعلقہ تھانے سے کلیئرنس کے بعد محفوظ ریکوری یقینی بنائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاعر کی بازیابی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ،4صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جسٹس محسن اختر کیانی نے جاری کیا۔

حکم نامے میں کہا گیااٹارنی جنرل نے تھانہ دھیر کوٹ میں درج ایف آئی آر پیش کی، اٹارنی جنرل نے بتایا احمد فرہاد تھانہ دھیر کوٹ پولیس کی تحویل میں ہیں، ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر درخواست گزار احمد فرہاد کی متعلقہ تھانے سے کلیئرنس کے بعد محفوظ ریکوری یقینی بنائیں،24 مئی کے آرڈر میں پوچھے گئے عدالتی سوالات کسی اور مقدمے میں زیر غور لا کر طے کیے جائیں گے، وزیر قانون نے آگاہ کیا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردی کےخلاف جنگ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا، وزیر قانون کے مطابق جبری گمشدگیاں جرم قرار دینے کا قانون پراسیس میں ہے، وزیر قانون نے کہا جبری گمشدگی پرقانون سازی کے بعد مسئلہ حل ہو جائے گا۔

حکم نامے میں کہا گیا عدالتی معاون حامد میر نے عدالت میں جمع کرائی گئی تحریری گزارشات پر توجہ دلائی، حامد میر نے جبری گمشدگیاں فوجداری جرم قرار دینے کے کریمنل لا ترمیمی بل 2022 کا ذکر کیا، حامد میر نے بتایا ایسے کیس کی رپورٹنگ کے منفی اثرات نہیں، حامد میر نے کہا جبری گمشدگیوں کے کیس رپورٹ کرنے سے خوف کے بیریئر ٹوٹ جاتے ہیں، حامد میر نے لاپتہ مدثر نارو ،شہید صحافیوں ہدایت ، موسیٰ خان خیل، سلیم شہزاد کا بھی ذکر کیا،عدالتی حکمنامے میں کہا گیا صحافی عمران ریاض خان نے جبری گمشدگی کے دوران آزمائش میں گزرے 3 ماہ کا ذکر کیا، چونکا دینے والی تفصیلات کو اب تک وفاقی حکومت و ریاستی اداروں نے نہیں دیکھا جس سے وہ واقف ہیں، وکیل ایمان مزاری 31 مئی کو سماعت پر مغوی احمد فرہاد کی بحفاظت گھر واپسی سے آگاہ کریں۔