ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کتاب نوجوان نسل کی ذہنی تربیت اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اساتذہ کو چاہئے کہ وہ طلبہ و طالبات میں کتب بینی کی عادت کو پروان چڑھائیں جس سے ان میں تحقیق کی جستجو بھی پیدا ہوگی۔ انہوں نے یہ بات محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری سکول میں جاری 3روزہ کتاب میلہ کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ سی ای او ایجوکیشن اکرام چوہدری اور ڈی او سیکنڈری خادم حسین موہل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ملک کے مشہور پبلشرز کی طرف سے نمائش میں سٹال لگانے کو خوش آئند قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ یہ نمائش نہ صرف اساتذہ اور طلبہ و طالبات بلکہ تمام شہریوں کو بھی اپنی پسند کی کتب خریدنے کا موقع فراہم کریگی۔انہوں نے شہریوں سے کتاب میلہ میں شرکت کرنے اور کتب سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں رکھی کتب میں گہری دلچسپی لی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کامیاب کتاب میلہ کے انعقاد پر محکمہ سکول ایجوکیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے 3روزہ کتب میلہ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس نمائش کے انعقاد پر سی ای او ایجوکیشن اکرام چوہدری کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ اسے سالانہ بنیادوں پر منعقد کرائے گا تاکہ طلبہ و طالبات اپنی پسند کی کتب خرید سکیں۔ انہوں نے تمام کتب پر50فیصد تک ڈسکا¶نٹ دینے پر پبلشرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دوسری طرف مڈھالی روڈ کی کارپٹنگ کا کام بدھ سے شروع ہوگا جو دو ہفتوں میں مکمل کر لیا جائیگا، کارپٹنگ کے بعد فرید ٹا¶ن کی سڑکوں کی بحالی پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا۔ یہ یقین دہانی سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے کمشنر آفس میں منعقدہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق،اے سی جنرل فیصل عمران، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، سٹی منیجر پسپ اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ کارپٹنگ کے کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اسے ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کالج روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے لئے درختوں کی کٹائی سے بھی سختی سے منع کیا اور لائن ڈالنے کے لئے نئی الائمنٹ کی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر گردوغبار روکنے کیلئے پانی کے مسلسل چھڑکا¶ کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔
کتاب نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کرتی ہے :کمشنر ساہیوال
















